وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیرنے ابی بکراسلامک اکیڈمی سیکٹر فائیوایم میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا

پیر 29 اپریل 2024 22:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیرنے ابی بکراسلامک اکیڈمی سیکٹر فائیوایم میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔نیو کراچی ٹاؤن کے بچوں کی صحت کے تحفظ کے لئے خصوصی اقدامات ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سینیئر کمیونٹی بلاک آفیسر انسداد پولیو مہم نیو کراچی ٹاؤن میڈم فوزیہ ،کمیونٹی بلاک آفیسرمیڈم ریما ،سی ایم سید محمود علی ،اسکول پرنسپل و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔

پولیو مہم کے افتتاحی پروگرام میں طلباء و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعب بن ظہیرنے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے بچوں کی صحت کے لئے کئے جانے والے حکومتی اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کا مقصد بھی بچوں کو اس مہلک مرض سے بچانا ہے کیونکہ اس مہلک مرض کی وجہ سے بچوں میں معذوری پیداہوجاتی ہے،اپنے نونہالوں کو اس مرض سے بچانے کے لئے حکومتی سطح پر پولیو مہم کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ بچوں کو اس مہلک مرض سے بچایا جا سکے ، اس سلسلے میں نیو کراچی ٹاؤن کے تمام اسکولوں میںبھی 05 سال کی عمر تک کے ہر طالب علم کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کے نمائندگان سے پورا تعاون کیا جائے ۔دوسری جانب انہوں نے پولیو کے حوالے سے یوسی میڈیکل آفیسر کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ورکرز حکومت کی نمائندگی کرتے ہیں اور ایک اعلیٰ مقصد کے لئے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔اس موقع پر سینیئر کمیونٹی بلاک آفیسر انسداد پولیو مہم نیو کراچی ٹاؤن میڈم فوزیہ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں، اس دوران محکمہ صحت کے ورکرز آپ کی دہلیز پرپولیو ویکسین کی سہولیات مہیا کریں گے جس کا بھرپور فائدہ اٹھائیں ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں