ناظم آباد کا پانی چوری کیا گیا تو ایم ڈی واٹر بورڈ کے دفتر کا گھیراؤ کیا جائے گا ،سید وجیہہ حسن

جماعت اسلامی سی پمپ ناظم آباد پر امیر ضلع وسطی وجیہہ حسن و دیگر کا منتخب بلدیاتی نمائندوں کے مظاہرے سے خطاب

منگل 30 اپریل 2024 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) جماعت اسلامی ضلع وسطی کے امیر سید وجیہہ حسن نے خبردار کیا ہے کہ اگر ناظم آباد کے حصے کا پانی چوری کیا گیا تو ایم ڈی واٹر بورڈ کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے۔ وہ منگل کو ناظم آباد کے ریزروائر سی پمپ پر منتخب بلدیاتی نمائندوں کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر رہے تھے۔ مظاہرے سے چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن سید محمد مظفر، وائس چیئرمین نعمان صدیقی اور سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی سہیل زیدی نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مظاہرے میں منتخب بلدیاتی نمائندوں نے بینر اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے’’ناظم آباد کے ریزروائر اہلِ ناظم آباد کے لیے ہیں، ناظم آباد کے پانی پر ڈاکہ نامنظور‘‘۔ وجیہہ حسن نے کہا کہ ناظم آباد کا ریزروائر 35 سال پرانا ہے جس پر ناظم آباد کے عوام کا حق ہے۔ اگر کسی اور علاقے کو پانی دینا ہے تو متبادل ذریعے کا انتظام کیا جائے۔ پہلے مرحلے میں منتخب نمائندوں کے ساتھ مل کر احتجاج کر رہے ہیں۔ ناظم آباد کے باشندوں کے مطالبات نہ مانے گئے تو دوسرے مرحلے پر عوامی احتجاج کریں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں