محکمہ موسمیات کی جانب سے ممکنہ برسات کی پیش گوئی کے بعد لیاقت آباد ٹاؤن میں ایمرجنسی نافذ

بدھ 17 اپریل 2024 20:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) محکمہ موسمیات کی جانب سے ممکنہ برسات کی پیش گوئی کے بعد چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب کی زیر صدارت افسران کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں لیاقت آباد ٹائون میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے احکامات دئیے گئے ۔جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں محکمہ باغات، ریسکیو،سینی ٹیشن اور محکمہ بی اینڈ آر کے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرکے انہیں فوری اپنے محکمہ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ۔

چیئرمین لیاقت آباد نے ہدایت کی کہ ڈی واٹرنگ پمپس ورکنگ کنڈیشن میں رکھے جائیں اورمرکزی شاہراہوں پر بارش کے پانی کی نکاسی کا فوری بندوبست کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی میں کسی قسم کا خلل نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ برسات میں چاکنگ پوائنٹس اور نشیبی علاقوں پر خصوسی توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ ان جگہوں پر بارش کا پانی جمع ہو جاتا ہے ،اس لئے ان جگہوں پر پانی کی نکاسی کے پیشگی انتظامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے عملے کو 24گھنٹے ا لرٹ رہنے کے ساتھ برساتی نالوں کے چوکنگ پوائنٹ کو کلیئر کرنے کے اور صفائی ستھرائی کے عمل کو مزید تیز کرنے کے احکامات دئیے۔انہوں نے ریسکیو انچارج کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے ریسکیو عملے کی فیلڈ میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں وائس چیئرمین اسحاق تیموری، کو آرڈینٹر صغیر احمد انصاری، انور جمال، ڈائریکٹر سینی ٹیشن ناصر خان، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن فیض احمد، ڈائریکٹر الیکٹریکل محمداصغر، ڈائریکٹر بی اینڈ آر شفقت عالم ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی، ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ ساجد شیخ، پی ایس سید نزیر مسعود اور دیگر افسران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں