gٹیسٹ کرکٹر توفیق عمر کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا

k38 سالہ اوپنر لاہور میں اپنے گھر پر ہی قرنطینہ کریں گے

منگل 26 مئی 2020 19:51

Aلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2020ء) ٹیسٹ کرکٹر توفیق عمر کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا۔ 38 سالہ اوپنر لاہور میں اپنے گھر میں ہی قرنطینہ کریں گے۔ توفیق عمر 20جون 1981ئ کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے 44 ٹیسٹ اور 22 ایک روزہ میچز کھیلے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 7 سنچریوں اور 14 نصف سنچریوں کی مدد سے 2963 بنائے اور ایک بھی وکٹ حاصل نہ کرسکے جب کہ ایک روزہ کرکٹ میں 3 نصف سنچریوں کی مدد سے 504 رنز سکور کرنے میں کامیاب ہوئے اور ایک کھلاڑی کا شکار کیا۔

توفیق عمر نے اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ میچ 29سے 31اگست 2001 میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا جب کہ آخری ٹیسٹ میچ 17 سے 21 نومبر 2014ئ کے دوران نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلا تھا۔ یاد رہے کہ دنیا بھر میں پھیلی عالمی وبا کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان میں مزید زور پکڑ رہی ہے اور اب تک پاکستان میں مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 53 ہزار 601 جبکہ اموات 1123 ہوگئی ہیں۔

(جاری ہے)

سرکاری سطح پر کورونا وائرس کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق 23 مئی تک ملک میں مزید 1498 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھی ہے۔ خیال رہے کہ 22 مئی کو پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 516 کیسز سامنے آئے تھے اور 35 اموات ہوئی تھیں۔ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020ئ کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے ساتھ ہی اس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مختلف پابندیاں عائد کی گئی تھیں اور بعدازاں لاک ڈاؤن بھی نافذ کیا گیا تھا، جو بعد ازاں رواں ماہ کی 9 مئی نرم کردیا گیا تھا۔

ملک میں عالمی وبا کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد ابتدا میں وائرس کا پھیلاؤ سست رہا لیکن گزرتے وقت کے ساتھ اس میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے اور اب یومیہ ہزار یا اس سے زائد کیسز کی تصدیق ہورہی ہے۔ اگر کیسز کی بات کریں تو پاکستان میں 26 فروری کے پہلے کیس سے لے کر اپریل کے اواخر تک کورونا مریضوں کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے زائد تھی جبکہ اموات 385 تھیں۔ تاہم رواں ماہ مئی کے آغاز سے لے کر اب تک پاکستان میں 34 ہزار سے زائد کیسز اور 700 سے زائد مزید اموات کا اضافہ ہوا ہے جو تشویشناک صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں