کرک پولیس کی کامیاب کارروائی‘بین الاضلاعی موٹرسائیکل چور گروہ کے سرغنہ اور دوبھائیوں سمیت چارارکان گرفتار

اتوار 4 اکتوبر 2020 13:20

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2020ء) کرک پولیس نے کامیاب کاروائی کرکے بین الاضلاعی موٹرسائیکل چور گروہ کے سرغنہ اور دوبھائیوں سمیت چارارکان کو حراست میں لے کرچوری شدہ موٹرسائیکلیں‘ موٹرکار‘ دستی بم اور اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرک عرفان اللہ خان کی ہدایت پر ایس پی انوسٹی گیشن ظاہرشاہ کی قیادت میں ڈی ایس پی اسماعیل‘ ڈی ایس پی ظاہررحمن اور دیگر پولیس افسروں پرمشتمل تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش شروع کرکے بدنام زمانہ ملزمان شفیع اللہ عرف شفی ولد نورزمان سکنہ نارہ جنڈاخیل اور حسیب اللہ ولد نیازفریدسکنہ ڈنڈی ورانہ ڈومیل کو گرفتار کردیا اور ملزمان کے قبضہ سے چوری شدہ دو موٹرسائیکلیں‘ ایک موٹرکار(GAF-1 )‘ ایک دستی بم اور ایک کلاشنکوف بمع کارتوس برآمد کرلئے جبکہ دوران تفتیش ملزمان نے اپنے دیگر دوساتھیوں کے نام اٴْگل دیئے۔

(جاری ہے)

پولیس نے زیرحراست ملزمان کی نشان دہی پر چھاپے مارکرچورگروہ کے مزید دو ساتھی اظہار اور توصیف پسران جہانگیر سکنہ تاجہ زئی غزنی خیل ضلع لکی مروت کو گرفتارکرلیا اور اٴْن کے گھر سے سات موٹر سائیکلیں اور پارٹس برآمدکئے۔پولیس کے مطابق زیرحراست ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ دیگر اضلاع میں چوری شدہ موٹرسائیکلوں کو فروخت کرتے تھے۔ پولیس نے تمام ملزموں کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کرکے مزید انکشافات کی توقع کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں