قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مایہ ناز کرکٹر سعید انور کا ایم ٹی بی سی باغ کا دورہ

آزاد کشمیر میں بین الاقوامی معیار کی حامل کمپنی کی خدمات لائق تحسین ہیں، ایم ٹی بی سی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے‘سعید انور

جمعہ 5 نومبر 2021 14:25

باغ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 نومبر2021ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مایہ ناز کرکٹر سعید انور کا ایم ٹی بی سی باغ کا دورہ، ایم ٹی بی سی کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا، ایگزیکیٹو چیئرمین ایم ٹی بی سی محمود الحق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سعید انور کو ایم ٹی بی سی کے انتظامی امور اور کپمنی کی خدمات کے حوالہ سے بریفنگ بھی دی گئی۔

اس موقع پر سعید انور نے ایم ٹی بی سی کے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں بین الاقوامی معیار کی حامل کمپنی کی خدمات لائق تحسین ہیں، ایم ٹی بی سی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے اپنے علاقے میں سرمایہ کر کے مقامی سطح پر لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کیے۔ ایم ٹی بی سی جیسے ادارے کی آزاد کشمیر کے لوگوں کو ضرورت تھی جو یہاں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرے اور پرائیویٹ سیکٹر میں لوگوں کو روزگار فراہم کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایم ٹی بی سی آزاد کشمیر میں سیاحت، تعلیم و آئی ٹی کے شعبوں میں جو کام کررہی ہے اس سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ ایم ٹی بی سی ہر وہ کام کر رہی ہے جس کی یہاں کے لوگوں کو ضرورت ہے اور آزاد کشمیر کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ٹی بی سی جیسے پرائیویٹ سیکٹر کے اور ادارے بھی یہاں کام کریں انکے لیے یہاں بہترین مواقع موجود ہیں۔

ایگزیکیٹو چیئرمین ایم ٹی بی سی نے سعید انور کو بتایا کہ ایم ٹی بی سی سیاحت کے شعبے کی ترقی کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کام کررہے ہیں، مختلف سیاحتی مقامات کو حکومت سے لیز پر لیکر انہیں فعال کر کے حکومت کو سرمایہ فراہم کررہے ہیں۔ تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لیے ایم ٹی بی سی محکمہ تعلیم کی معاونت کررہی ہے جبکہ مواصلات اور آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کے لیے بھی ایم ٹی بی سی حکومت آزاد کشمیر کے اشتراک سے منصوبوں پر کام کررہی ہے۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں