حسن علی ورلڈ کپ میں چیمپئنز ٹرافی کی کارکردگی دہرانے کیلئے پر عزم

ٓخواہش ہے قوم نے جیت کا جو جشن چیمپئنز ٹرافی کے موقع پر منایا تھا وہ اس بار بھی منائی:پیسر

جمعرات 23 مئی 2019 21:10

حسن علی ورلڈ کپ میں چیمپئنز ٹرافی کی کارکردگی دہرانے کیلئے پر عزم
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بالر حسن علی چیمپئنزٹرافی کی طرح ورلڈ کپ میں بھی بہترین کارکردگی دکھانے کے لئے پر عزم ہیں۔دو سال قبل چیمپئنز ٹرافی فائنل میں قومی ٹیم نے بھارت کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے عبرتناک شکست دی تھی جس میں حسن علی نے بھی کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

حسن علی چیمپئنز ٹرافی میں اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت مین آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے تھے، وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں سب سے زیادہ13 وکٹیں لینے والے بالر بنے۔قومی کرکٹ ٹیم ایک بار پھر انگلینڈ میں عالمی کپ کھیلنے کے لیے موجود ہے جس پر شائقین کرکٹ کی جانب سے حسن علی سے اسی شاندار کارکردگی کی توقع کی جارہی ہے جو انہوں نے چیمپئنز ٹرافی میں اپنی بہترین بالنگ کے ذریعے دکھائی تھی جب کہ حسن علی کی بھی خواہش ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کی کامیابی پر قوم نے جیت کا جو جشن منایا تھا وہ اس بار بھی منائے۔

(جاری ہے)

حسن علی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ صرف پاکستان اور بھارت کا میچ نہیں ہے، ورلڈ کپ میں 8 دیگر میچ بھی ہیں، ہاں یہ درست ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کو بہت زیادہ اہمیت دی جاتی ہے اور دنیا اسے دیکھتی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ یہ ایک پریشر گیم ہوتا ہے جس میں وہی جیتے گا جو اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے بہترین کھیل کھیلے گا۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں