کرکٹ ایسوسی ایشنزچمپئن شپ کے پہلے رائونڈ کا پہلا روز مکمل

بدھ 29 ستمبر 2021 22:26

کرکٹ ایسوسی ایشنزچمپئن شپ کے پہلے رائونڈ کا پہلا روز مکمل
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2021ء) کرکٹ ایسوسی ایشنز چمپئن شپ کے پہلے رائونڈ کا پہلا روز مکمل ہوگیا ۔ ایل سی سی اے گرائونڈ لاہور میں جاری سینٹرل پنجاب اور سندھ کے مابین تین روزہ میچ کے پہلے روز سینٹرل پنجاب کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 293 رنزبنا کر آئوٹ ہوگئی ۔ اوپنر عمران ڈوگر 13 چوکوں کی بدولت 75 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔

آل رائونڈر اسفند مہران نے 9 چوکوں کی مدد سے ناٹ آئوٹ رہے اورانہوںنی71 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد عرفان نے 42 رنز بنائے۔ سندھ کے امتیاز لغاری نے 44 رنز کے عوض 4 جبکہ محمد شاہد اور غلام مدثر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سندھ نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 32 رنز بنالیے ہیں۔ جہانزیب سلطان 22 رنز بناکر آئوٹ ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

صائم ایوب 9 اور امتیاز لغاری بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود ہیں۔اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری میچ کے پہلے روز بلوچستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 219 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی ہے۔ آل رائونڈر محمد شاہد 13 چوکوں کی مدد سے 91 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ فہد اقبال 44 اور ثنا اللہ 30 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ احمد جمال نے 3 جبکہ زوہیب خان اور ذیشان خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں خیبرپختونخوا ہ نے اپنی پہلی اننگز کے 17 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 31 رنز بنالیے ہیں۔ خیام خان 10 اور ذیشان احمد 6 کے انفرادی اسکور سے میچ کے دوسرے روز کھیل کا دوبارہ آغاز کریں گے۔ادھر رانا نوید الحسن اکیڈمی شیخوپورہ میں جاری میچ کے پہلے روز ناردرن کے 329 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب نے اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 15 رنز بنالیے ۔

وقار حسین 6 اور شرون سراج 5 کے انفراد ی اسکور سے میچ کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔ اس سے قبل ناردرن کے کپتان عمر وحید نے 17 چوکوں کی مدد سے 132 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے چوتھی وکٹ کے لیے مبصر خان کے ہمراہ 140 رنز کی شراکت قائم کی۔ مبصر خان 83 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے شامل تھے۔ علی عثمان نے 111 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ کلیم اللہ نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں