عدالت کا منفرد فیصلہ، ملزمان کو پنج وقتہ نماز پڑھنے، درخت لگانے اور مساجد کی صفائی کا حکم

بجلی کی تاروں میں الجھ کر تین بھینسوں کے مرنے کے کیس کا منفرد فیصلہ ، عدالت نے ایس ڈی او، لائن سپرنٹنڈنٹ اور لائن مین کو 2سال تک پانچ وقت نماز پڑھنے، 40 درخت لگانے، ہر جمعہ کو دو مساجد کی صفائی اور ہر ماہ 10 حدیثیں یاد کرنے کا حکم سنادیا، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 25 ستمبر 2021 19:36

عدالت کا منفرد فیصلہ، ملزمان کو پنج وقتہ نماز پڑھنے، درخت لگانے اور مساجد کی صفائی کا حکم
کندھ کورٹ (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 25ستمبر 2021) بجلی کی تاروں میں الجھ کر تین بھینسوں کے مرنے کے کیس کا منفرد فیصلہ ، عدالت نے ایس ڈی او، لائن سپرنٹنڈنٹ اور لائن مین کو 2سال تک پانچ وقت نماز پڑھنے، 40 درخت لگانے، ہر جمعہ کو دو مساجد کی صفائی اور ہر ماہ 10 حدیثیں یاد کرنے کا حکم سنادیا۔ تفصیلات کے مطابق کندھ کوٹ میں عدالت نے تین ماہ قبل بجلی کی تاروں میں الجھ کر تین بھینسوں کے مرنے کے کیس کا منفرد فیصلہ سنادیا۔

کندھ کوٹ میں تین ماہ قبل بجلی کے گرے تاروں میں الجھ کر تین بھینسیں ہلاک ہوگئی تھیں جس پر اس کے مالک نے سیپکو اہل کاروں کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔ سول کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے ایس ڈی او، لائن سپرنٹنڈنٹ اور لائن مین کو دو سال تک پانچ وقت نماز پڑھنے، 40 درخت لگانے، ہر جمعہ کو دو مساجد کی صفائی اور ہر ماہ 10 حدیثیں یاد کرنے کا حکم سنادیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے پولیس کو بھی حکم دیا کہ ہر ماہ سزایافتہ عملداروں کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔ واضح رہے لیسکو کی نااہلی کےباعث لاہور کے علاقے سبزہ زار میں کرنٹ لگنے سے 45 بھینسیں ہلاک ہوگئیں تھی ۔ پولیس اور بھینسوں کے مالک کے مطابق واقعہ 11 جون کی دوپہر پیش آیا ۔ بھینسیں باڑے کے قریب نہر میں نہا رہی تھیں کہ اسی دوران ہائی وولٹیج کی تاریں پانی میں آگریں، جس سے پانی میں موجود تمام 45 بھینسیں موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں۔

بھینسوں کے مالک کا کہنا تھا کہ ایک اندازےکے مطابق بھینسوں کی کل مالیت 30 ملین روپے تھی۔ بھینسوں کے مالک کا مزید کہنا تھا کہ عملے سےکئی بار وائر سےمتعلق شکایات کی گئی تھیں کہ وہ لٹک رہی ہیں، تاہم بروقت کوئی کارروائی نہ کی گئی اور آج یہ واقعہ رونما ہوا۔

کشمور میں شائع ہونے والی مزید خبریں