این اے 191 کشمور کی نشست پر 15975 ووٹ مسترد ہونے کا انکشاف

صوبائی حلقوں میں بھی حیران کن طور پر مسترد ووٹوں کی تعداد جیتنے والے امیدواروں کے ووٹوں سے زیادہ رہی

منگل 20 فروری 2024 21:22

کشمور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2024ء) این اے 191 کشمور کی نشست پر 15975 ووٹ مسترد ہونے کا انکشاف ہوا ہے، اس سیٹ پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کو 3310 ووٹوں سے کامیابی ملی تھی۔تفصیلات کے مطابق این اے 191 کے 2 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج نہ آنے کے باوجود فارم 47 جاری کر دیا گیا تھا، جب کہ اس نشست پر حیرت انگیز طور پر 16 ہزار کے قریب ووٹ مسترد ہوئے جب کہ تین ہزار تین سو ووٹ سے امیدوار جیتا۔

اسی طرح صوبائی حلقوں میں بھی حیران کن طور پر مسترد ووٹوں کی تعداد جیتنے والے امیدواروں کے ووٹوں سے زیادہ رہی، پی ایس 22 سکھر سے پی پی کے جام اکرام 2050 ووٹوں کے فرق سے جیتے اور 5417 ووٹ مسترد ہوئے۔پی ایس41 سانگھڑ سے پی پی کے علی حسن 1632 ووٹوں کے فرق سے کامیاب ہوئے اور 7544 ووٹ مسترد ہوئے، پی ایس 28 خیرپور سے پی پی امیدوار کی جیت کا فرق 4378 ووٹ تھا اور 3425 ووٹ مسترد ہوئے، پی ایس 34 سے پی پی امیدوار ممتاز چانڈیو 5943 ووٹ سے کامیاب ہوئے، اور 5473 ووٹ حلقے میں مسترد ہوئے۔

(جاری ہے)

پی ایس 18 میں آزاد امیدوار جام مہتاب ڈہر 1922 ووٹ سے کامیاب ہوئے، اور 7411 ووٹ مسترد ہوئے، جی ڈی اے کے غلام دستگیر 3422 ووٹ سے کامیاب ہوئے اور 3787 ووٹ حلقے میں مسترد قرار پائے، پی ایس 70 میں پی پی کے ارباب امان اللہ 7265 ووٹ سے کامیاب ہوئے اور 6102 ووٹ مسترد ہوئے۔پی ایس 91 میں جماعت اسلامی کے عمر فاروق 767 ووٹوں سے منتخب ہوئے اور 906 ووٹ مسترد ہوئے، جب کہ پی ایس 97 میں ایم کیو ایم کے شوکت علی 720 ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوئے اور 674 ووٹ مسترد ہوئے۔

کشمور میں شائع ہونے والی مزید خبریں