کوہاٹ ،سٹی پولیس نے ماسٹر مائنڈ بائیک لفٹر کو مسروقہ موٹر سائیکلوں سمیت گرفتار کرلیا

جمعہ 7 دسمبر 2018 20:16

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2018ء) کوہاٹ سٹی پولیس نے ماسٹر مائنڈ بائیک لفٹر کو مسروقہ موٹر سائیکلوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔کاروائی خفیہ اطلاع پر شہر کے علاقے میں عمل میں لائی گئی اور گرفتار بائیک لفٹر کے قبضے سے دو مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔زیر حراست ملزم کا تعلق قبائلی ضلع اورکزئی سے ہے جو مختلف شہروں سے موٹر سائیکلیں چوری کرکے قبائلی اضلاع میں فروخت کرتا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود نے شہر میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کو روکنے کیلئے جو سراغ رساں ٹیم تشکیل دی ہے اسی پولیس ٹیم میں شامل اہلکاروں کی اطلاع پر بروقت کاروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ سٹی انسپکٹر محمد علی نے پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ شہر میںاچانک چھاپہ مارکربائیک لفٹگ کی واردات کے بعدچوری کی موٹر سائیکل پر فرار ہونیوالے ماسٹر مائنڈ بائیک لفٹرسید منتظر حسن ولد سید امام شاہ سکنہ ضلع اورکزئی کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

کاروائی میں زیر حراست بائیک لفٹر کو فوری طور پر تھانہ سٹی منتقل کردیا گیا جہاں ابتدائی پوچھ گچھ میں اسکی نشاندہی پر پولیس نے ایک اور مسروقہ موٹر سائیکل بھی برآمد کرکے تحویل میں لی ہے۔مسروقہ موٹر سائیکلوں کی برآمدگی کے بعد زیر حراست ملزم کے خلاف تھانہ سٹی میں بائیک لفٹنگ کا مقدمہ درج کرلیا گیا جسے مزید تفتیش کیلئے انوسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے اور دوران تفتیش ملزم نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کااعتراف کرتے ہوئے مختلف شہروں سے موٹر سائیکلیں چوری کرکے قبائلی اضلاع میں فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے ۔

ملزم نے بائیک لفٹنگ کی وارداتوں میں شریک جرم دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دئیے ہیں جنکے خلاف پولیس نے مختلف قانونی پہلوئوں پر کاروائی شروع کردی ہے ۔ادھر ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن(ر)واحد محمود نے سراغ رساںپولیس ٹیم کو اس قسم کی وارداتوں کے سد باب کے حوالے سے نگرانی مزید تیز کرنے کی بھی ہدایات جاری کردی ہیںاور شہریوں کو بھی ہوشیار رہنے اور اس سلسلے میں پولیس کیساتھ تعاون یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ عنوان :

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں