کوہاٹ گمبٹ پولیس نے شہری کے اندھے قتل کا سراغ لگالیا ،ملزم گرفتار

جمعہ 28 دسمبر 2018 20:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2018ء) کوہاٹ گمبٹ پولیس نے شہری کے اندھے قتل کا سراغ لگالیا ہے ۔ پولیس نے قتل کی واردات میں ملوث ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا ہے ۔اے ایس پی صدر سرکل محمد نبیل کھوکھر نے قتل کی واردات کا سراغ لگانے کی پولیس کاروائی کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 11دسمبر کی صبح گمبٹ پولیس کو پرشئی روڈ پر کھڑی ایک موٹر کار سے قتل شدہ لاش ملی جسکی شناخت غلام جیلانی سکنہ میاں گان کالونی کوہاٹ کے نام سے ہوئی جسے گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔

اے ایس پی نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ مقتول کے بھائی امام حقانی کی رپورٹ پرتھانہ گمبٹ میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے قتل کی واردات کا تمام پہلوئوں پر جائزہ لیتے ہوئے سائنسی خطوط پر تفتیش کے دوران کال ڈیٹا ریکارڈ کے ذریعے ملزم تک رسائی حاصل کرلی اور ایس ایچ او تھانہ گمبٹ یوسف حیات نے تفتیشی افسر امان اللہ اور دیگر پولیس نفری کے ہمراہ کامیاب چھاپہ مار کاروائی کے نتیجے میں ملزم عمر حیات ولد زاہد گل سکنہ گمبٹ کو حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

اے ایس پی محمد نبیل کھوکھرکے مطابق ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے آلہ قتل تیس بور پستول بمعہ کارتوس بھی برآمد کرکے قبضے میں لے لی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ملزم پاکستان ائیر فورس بطور واچ مین ملزم ہے جس نے غلام جیلانی کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کرلیا ہے ۔اے ایس پی نے بتایا کہ ملزم نے اپنے اعترافی بیان میںپولیس کو بتایا ہے کہ وہ میاں گان کالونی کی رہائشی مسماة (ف) کیساتھ شادی کا خواہشمند تھا جبکہ مقتول غلام جیلانی انکی شادی میں رکاوٹ پیدا کررہا تھا جسے راستے سے ہٹانے کیلئے انکے قتل کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے انہوں نے موبائل فون پر بلا کر انہیں گمبٹ کے علاقہ پرشئی روڈ پر موٹر کار کے اندر ہی فائرنگ کرکے قتل کردیا اور لاش موقع پر چھوڑ کر وہ جائے واردات سے فرار ہوگیا۔

اے ایس پی نے بتایا کہ ملزم کا عدالت سے دوروزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے اور اسے مزید تفتیش کیلئے انوسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں