جان ہتھیلی پر رکھ کر فرائض نبھانے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی میں کوئی کسر نہیں چھوڑ جائیگی،ڈی پی او کوہاٹ

قانون وانصاف اور میرٹ کی بالا دستی سے قطع نظرکوئی بھی عمل قابل قبول نہیں ،کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود

بدھ 19 جون 2019 23:30

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2019ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود نے کہا ہے کہ خدمت عامہ کو نصب العین بنا کر دیانتداری سے فرائض انجام دینے والے پولیس جوان پوری فورس کے درخشاں روایات کے امین ہیں۔انسداد جرائم،استحکام امن ، تحفظ عامہ ،قانون وانصاف اور میرٹ کی بالادستی مطمع نظر ہو تو معیاری پولیسنگ کے مطلوبہ اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

جان ہتھیلی پر رکھ کر پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے والے پولیس افسران اور جوانوں کی حوصلہ افزائی میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میںمجموعی بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران وجوانوں میں بیسڈ آف دی منتھ ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے واضح کردیا کہ قانون وانصاف اور میرٹ کی بالا دستی سے قطع نظرکوئی بھی عمل قابل قبول نہیں لہٰذا پولیس افسران خوف خدا کو دل میں رکھتے ہوئے تمام ترمعاشرتی تضادات اور وابستگیوں سے بالا تر ہوکر اپنے پیشہ ورانہ فرائض عین وابستہ عوامی توقعات کے مطابق اداکریں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس فورس میں موجود خود احتسابی کا عمل اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ تمام رینک کے پولیس افسران واہلکار محتاط رویہ اپناتے ہوئے خدمت خلق کو نصب العین بنائیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ پولیس میں کرپشن ،غیر قانونی حراست اور تشدد کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔فیلڈ ورک میں عوام کیساتھ قریبی روابط استوار کریں اور شائستہ رویہ اپناتے ہوئے کسی بھی موقع پر صبر کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دیںاور اپنی توانائیاں صرف اور صرف انسداد جرائم،امن وامان کے قیام اور عوام کو بلا امتیاز انصاف کی فراہمی کیلئے بروئے کار لائیں۔

تقریب کے دوران ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن(ر)واحد محمود نے قیام امن،انسداد جرائم،فیلڈ ورک میں لوگوں کے مسائل حل کرنے، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی،سرکاری دستاویزی ریکارڈ کی درست طور پر تکمیل،مقدمات کی تفتیش میںمعیاری طرز عمل اور پولیس ایکٹ 2017کی بھر پور عملداری میں نمایاں کردار ادا کرنے پر سرکل ایس ڈی پی او،تھانے کے ایس ایچ او،تفتیشی افسر،چوکی انچارج ،بیٹ افسراور محرر تھانہ کو بیسٹ آف دی منتھ ایوارڈ کے طور پر اعزازی ٹرافیوں،نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نواز کر انکی بھر پور حوصلہ افزائی کی۔

ڈی پی او نے انعام یافتہ پولیس افسران کواس بات کا باور کرایا کہ پولیس فورس میں موجود سزاو جزاکے عمل کو اسکی اصل روح کے مطابق عملی جامہ پہناتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانے والے تمام رینک کے پولیس افسران و اہلکاروں کی ہر فورم پر حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ کام چور اور فرائض منصبی میں غفلت کامظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کو محکمہ سے نکال باہر کرکے انکی حوصلہ شکنی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ماہ مئی کے دوران بہترین کارکردگی کی بنیاد پربیسٹ آف دی منتھ ایوارڈ کا اعزاز پانے والے پولیس افسران میںڈی ایس پی سٹی عالم زیب،ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید سب انسپکٹر فیاض خان،انوسٹی گیشن آفیسر سب انسپکٹر امان اللہ،انچارج چوکی تحصیل گیٹ محمد اقبال ،تھانہ محمد ریاض شہید کے بیٹ آفیسر محمد خان اور محرر تھانہ جنگل خیل آفتاب خان شامل ہیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں