کوہاٹ پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کی چرس پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی،بدنام زمانہ بین الصوبائی منشیات سمگلر گرفتار

پیر 16 ستمبر 2019 22:06

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2019ء) کوہاٹ پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کی چرس پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناکر بدنام زمانہ بین الصوبائی منشیات سمگلر کو ساتھی سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق مبینہ بین الصوبائی سمگلر عامر کو ساتھی سمیت موٹر کار کے ذریعے چرس کی بھاری کھیپ سمگل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ پکڑا جانیوالا ملزم عادی منشیات فروش ہے جسکے خلاف منشیات کے متعدد مقدمات مقامی تھانوں میں درج ہیں جسکی پاداش میں وہ کئی بار جیل بھی جاچکا ہے۔پولیس کے مطابق پیر کے روز تھانہ گمبٹ سے ملحقہ چوکی خوشحال گڑھ کے انچارج اے ایس آئی مسرت حسین نے پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ پنڈی روڈ پر معمول کے مطابق ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ شروع کررکھی تھی کہ اس اثناء کوہاٹ سے پنجاب جانیوالی ایک موٹر کار گاڑی نمبر LZD-8265 کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے تلاشی کے دوران موٹرکار کی ڈگی سے پلاسٹک کے پیکٹس میں بند مجموعی طور پر 6300 گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے موٹر کار میں سوار منشیات کے بین الصوبائی سمگلر عامر ولد امان خان اور اسکے ساتھی محمد یاسر ولد سعید گل ساکنان میروزئی کوہاٹ کو گرفتار کرلیا۔پولیس نے منشیات سمگلنگ کے جرم میں رنگے ہاتھوں گرفتار دونوں سمگلروں کو فوری طور پر تھانہ گمبٹ منتقل کردیا جہاں انکے خلاف چرس کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق لاکھوں روپے مالیت کی چرس سمیت رنگے ہاتھوں پکڑا جانیوالا سمگلر عامر عادی منشیات فروش ہے جسکے خلاف قبل ازیں بھی منشیات فروشی اور سمگلنگ کے متعدد مقدمات کوہاٹ کے مقامی تھانوں میں درج ہیں جسکی پاداش میں وہ کئی بار جیل کی سزا بھی کاٹ چکا ہے۔کاروائی کے دوران حراست میں لئے گئے منشیات سمگلر عامر اور اسکے ساتھی یاسر نے پکڑی جانیوالی چرس پنجاب سمگل کرنے کا اعتراف جرم کرلیا ہے جن سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں