افغان صوبہ قندہار میں سڑک کنارے نصب بارودی بم کی زدمیں آکر ماں ،دو بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے چار شہری لقمہ اجل بن گئے

جمعہ 16 اپریل 2021 17:26

کوہاٹ/قندہار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2021ء) افغانستان کے جنوبی صوبہ قندہار میں سڑک کنارے نصب بارودی بم کی زدمیں آکر ماں اور دو بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے چار افغان شہری لقمہ اجل بن گئے۔ افغان میڈیا نے پولیس سربراہ جمال ناصر بارکزئی کے حوالے سے رپورٹ میں کہا ہے کہ جمعرات کی شام ضلع شاہ ولی کوٹ میں ایک گاڑی سڑک کنارے نصب بم سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میںایک ہی خاندان کے چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

بتایا جاتا ہے کہ جاں بحق افراد میں ماں اور دو بچوں سمیت چار افراد شامل ہیں۔ اب تک کسی تنظیم نے واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ادھر اقوام متحدہ کے ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران اٖفغانستان میں افغان شہریوں کی ہلاکتوں میں 29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک بم دھماکوں اور پرتشدد کاروائیوں میں 573 افغان شہری جاں بحق اور 1210 دیگر زخمی ہوچکے ہیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں