وزیر اعظم کا زرعی قرضوں کی ادائیگی کیلئے 4 کروڑ روپے کی گرانٹ اور سیاحت کے فروغ کیلئے فنڈ کے قیام کا اعلان

جمعرات 29 اکتوبر 2015 16:53

داسو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اکتوبر۔2015ء) وزیر اعظم نواز شریف نے داسو میں زرعی قرضوں کی ادائیگی کیلئے 4 کروڑ روپے کی گرانٹ اور سیاحت کے فروغ کیلئے فنڈ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ داسو میں سیاحت کے فروغ کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت مل کر ایک فنڈ قائم کریں گی،داسو نے ڈیم کی تعمیر کیلئے زمین کی خریداری کا معاملہ جلد حل کرلیا جائے گا،قراقرم ہائی وے کو موٹروے کی طرز پرکشادہ کیا جائے گا، علاقے میں شروع کئے جانیوالے ترقیاتی منصوبوں میں بھرتیاں صرف مقامی لوگوں سے کی جائیں گی،علاقے کے لوگوں کا معیارزندگی بلند کرنے کیلئے سکول قائم کئے جائیں گے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں مشترکہ طور پر زلزلے سے جاں بحق افراد کیلئے 6 لاکھ ، زخمی افراد کیلئے 1 لاکھ، جسم کا کوئی عضو کٹ جانے والوں کیلئے 2 لاکھ جبکہ مکمل تباہ گھروں کیلئے 2 لاکھ اور جزوی تباہ گھروں کی تعمیر کیلئے 1 لاکھ روپے فراہم کریں گی ، یہ امدادی پیکج صرف خیبر پختونخوا کیلئے نہیں بلکہ اس میں فاٹا اور گلگت بلتستان بھی شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو داسو میں زلزلہ متاثرین سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ امدادی سر گرمیوں کا جائزہ لینے آیا ہوں، داسو میں زلزلے سے 8افراد جاں بحق ہوئے ہیں، اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو صبر و جمیل عطا فرمائے، زلزلے کے نقصانات کا جلد ازالہ کیا جائے گا، زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر ہمیں دلی صدمہ ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے طے کیا ہے کہ شہداء کے لواحقین کو 6لاکھ روپے فی کس دیئے جائیں گے،کوہستان کے دور دراز کے علاقے میں نقصانات کا جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی و و وفاقی حکومت مل کر متاثرین کو معاوضہ ادا کریں گے، متاثرین کی تکلیف کم کرنے کیلئے زخمیوں کو بھی مالی معاونت کی جائے گی ، زخمیوں کو ایک ایک لاکھ اور معذور افرادکو دو دو لاکھ روپے فی کس ادا کئے جائیں گے، مکمل تباہ گھروں کی تعمیر کیلئے دو لاکھ روپے اور جزوی تباہ گھروں کی مرمت کیلئے ایک ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے، امدادی پیکج صرف خیبرپختونخوا کیلئے نہیں بلکہ یہ سب کیلئے ہے، زلزلہ متاثرین کا امدادی پیکج فاٹا، کے پی کے اور گلگت بلتستان کے متاثرین کیلئے ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ پیر سے متاثرین میں چیکوں کی تقسیم شروع کر دی جائے گی، امدادی چیکوں کی تقسیم کا عمل چار روز میں مکمل کرلیا جائے گا، زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں خیمے، کمبل اور کھانے پینے کی اشیاء فوری پہنچانے کی ہدایت کی ہے، دشوار گزار علاقوں میں امدادی سامان ہیلی کاپٹروں کے ذریعے پھینکا جائے گا

کوہستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں