پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ سے مہنگائی کا طوفان آئے گا: خادم حسین

روس سے سستا تیل درآمد کرکے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے

جمعہ 1 جولائی 2022 21:15

پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ سے مہنگائی کا طوفان آئے گا: خادم حسین
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2022ء) تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی 50روپے فی لیٹرتک بڑھانے اور پٹرولیم انڈسٹریز پر 10فیصد سپر ٹیکس کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوتا رہے گا ۔پٹرولیم مصنوعات میں اضافوں کے ساتھ بجلی کی قیمتوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی بھاری اضافہ ہوگا حال ہی میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 8روپے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے جس سے صنعتی و تجارتی شعبہ شدید مشکلات میں مبتلا ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ پٹرول ،ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے ٹرانسپورٹیشن اخراجات اور فیول ایڈجسٹمنٹ چارج سے بجلی مزید مہنگی ہو گی،اس لیے اضافہ واپس لیا جائے اور روس سے سستا تیل درآمد کرکے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے انہوںنے کہا کہ ہر ماہ بجلی ،گیس ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے بھی منی بجٹ ہیں ۔

(جاری ہے)

آئی ایم ایف پروگرام خوشحالی کی بجائے ملک میں بدحالی لارہا ہے شرائط پر عملدرآمد کیلئے عوام کو قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے جس سے ملک میں مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہورہا ہے جس سے صنعتی و تجارتی شعبہ بھی متاثر ہورہا ہے ۔اس لیے برآمدات میں اضافہ کیلئے اقدامات اٹھا کر زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کیا جائے اور آئی ایم ایف پروگرام کو خیرباد کہہ دیا جائے یہی ملکی مفادات میں ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں