عمران خان انتخابات نہیں تاجپوشی چاہتے ہیں ،

پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کسی گروہ یا چند افراد نہیں 22کروڑ عوام کرینگے ‘ مشاہد حسین سید

جمعرات 19 جولائی 2018 14:58

عمران خان انتخابات نہیں تاجپوشی چاہتے ہیں ،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ،میڈیا سیل کے سربراہ سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ عمران خان انتخابات نہیں بلکہ تاجپوشی چاہتے ہیں ، پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کوئی گروہ یا چند افراد نے نہیں بلکہ 22کروڑ عوام نے کرنا ہے ،نواز شریف سیاسی طور پر سلاخوں کے پیچھے زیادہ مضبوط ہیں اور سارا انتخاب ان کے گرد گھوم رہا ہے ، عمران خان کے جلسو ں کی خالی کرسیاں اور شہباز شریف کے جلسوں کے پرجوش کرائوڈ سے واضح ہے کہ مسلم لیگ (ن) انتخابات میں جیت رہی ہے لیکن کچھ لوگ عمران خان کو کامیاب کرانے کیلئے بضد ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں سوشل میڈیا ورکرز اور امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

مشاہد حسین سید نے کہا کہ پولنگ ایجنٹس ہماری آنکھ اور کان ہیں او رانہیں پولنگ ڈے کے حوالے سے آگاہی دینا بہت ضروری ہے ۔ نصیر بھٹہ کی سربراہی میں لیگل ٹیم تشکیل دی گئی ہے جبکہ ہر حلقے میں بھی اسی طرح کی ٹیم ہو گی ۔

میری تجویز ہے کہ امیدوار اپنے چیف پولنگ ایجنٹس میں وکلاء کو لازمی شامل کریں ۔ وکلاء کی وردی میں دہشت ہے او ریہ دھونس دھاندلی کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور اسے روک سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں رجحان بڑ ا واضح ہے کہ مسلم لیگ (ن) فتح کی جانب گامزن ہے لیکن اگر کوئی رکاوٹ نظر آرہی ہے تو وہ کچھ عناصر کی کوششیں ہیں ۔عمران خان کے جہلم ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور جھنگ میں تحریک انصاف کے جلسوں میں جس طرح خالی کرسیاں آرہی ہیں ان کی پرچیاں بھی خالی آئیں گی ۔

مسلم لیگ (ن) کے جلسوں میں عوام کی شرکت بھرپور اور چارج کرائوڈ ہے اور سب سے بڑی بات عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوشش ہو رہی ہے کہ عوام کے مینڈیٹ پر کسی طرح ڈاکہ ڈالا جائے ،عمران خان انتخابات نہیںتاجپوشی چاہتے ہیں لیکن ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے ۔ ملک کے فیصلے کوئی گروہ یا چند افراد نہیں بلکہ 22کروڑ عوام کریں گے ۔ انہوں نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے دھاندلی کو نہ صرف بے نقاب کرنا ہے بلکہ اسے روکنے کیلئے آئین و قانون اور الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق تمام اقدامات کو بروئے کار لانا ہے ۔

اگر کسی محکمے کا اہلکار اپنے حلف سے تجاوز کرتا ہے تو اس کے خلاف تحریری آگاہ کریں ہماری لیگل ٹیم اس کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی ۔ ہم نے اپنے امیدواروں اور لیگل ٹیم کو ایک دوسرے سے نتھی کر دیا ہے ، سوشل میڈیا ٹیم ایسی وارداتوں کو ایکسپوز کرے گی ۔انہوںنے کہا کہ نواز شریف کے ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کی گونج پورے پاکستان میں ہے ۔آج2018ء ہے ،آج تبدیل ہوتی دنیا اور عوام بیدار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ وہ جماعت ہے جس سے قائد اعظم ، علامہ اقبال اور فاطمہ جناح کا تعلق ہے اور ان لوگوں نے حق کے لئے مزاحمت کی ۔ قائد اعظم کے پاس کوئی اسٹیبلشمنٹ نہیںتھی ان کے پاس کوئی فوج یا ایجنسی نہیں تھی ،کوئی پیسہ یاتگڑے لوگ نہیں تھے لیکن ان کے پاس کردار اور قیادت او رسب سے بڑھ کر عوام کی طاقت اور سیاسی جماعت تھی،قائداعظم نے اپنی ذہانت اور عوام کی مدد سے پاکستان بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم 25 جولائی کیلئے تیار ہیں،پاکستان سے بڑا کوئی نہیں ہے،ہم پارلیمنٹ کی بالا دستی قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،آئین اور قانون کا تحفظ کرنے کی کوشش ہے۔میڈیا غیر جانبدار ہے اور عوام کو حقائق سے آگاہ کر رہا ہے

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں