چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی کی رہائش گاہ پر مبارکباد دینے والوں کا رش، نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری نے گلدستہ پیش کیا

میری کامیابی اللہ کریم کے فضل سے ممکن ہوئی، عمران خان، پی ٹی آئی، ارکان اسمبلی اور تمام ساتھیوں کا دلی شکرگزار ہوں‘سپیکر چودھری پرویزالٰہی

جمعہ 17 اگست 2018 19:57

چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی کی رہائش گاہ پر مبارکباد دینے والوں کا رش، نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری نے گلدستہ پیش کیا
ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی کو سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونے کے بعد چودھری شجاعت حسین اور ان کی رہائش گاہ پر مبارکباد دینے والوں کا رش رہا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب پروفیسر سید حسن عسکری رضوی نے بھی انہیں گلدستہ پیش کیا۔ ان کے علاوہ مبارکباد دینے والوں میں نگران وزیر قانون ضیاء ایچ رضوی، پی ٹی آئی اور پاکستان مسلم لیگ کے ارکان اسمبلی، رہنما اور ممتاز شخصیات بھی شامل تھیں۔

چودھری پرویزالٰہی نے ان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی اللہ کریم کے فضل سے ممکن ہوئی وہ عمران خان، پی ٹی آئی، ارکان اسمبلی اور تمام دوستوں و ساتھیوں کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے پروفیسر حسن عسکری کو نگران دور کامیابی سے اور بلا کسی تنقید کے احسن طور پر مکمل کرنے اورغیرجانبداری سے الیکشن کرانے پر سراہا اور مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آپ کا بڑا مدبر گھرانہ ہے جس کی پاکستان کیلئے بڑی خدمات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب ایسے کام کئے جن کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ پنجاب ایک بار پھر سرسبز و شاداب ہو گا اور 2002ء میں صوبہ نے ترقی و خوشحالی کا جو سفر شروع کیا تھا وہ اپنی اس منزل کی جانب تیزی سے گامزن ہو گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں