ڈی جی نیب لاہور کی تعلیمی ڈگری جعلی نکلی

شہزاد سلیم کوعہدے سے ہٹانے کی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ڈگری کی تصدیق کیلئے ڈی جی نیب کونوٹسزبھی جاری کیے،ڈی جی نیب نے تاحال ڈگری کی تصدیق نہیں کروائی۔ن لیگی رہنماء عظمیٰ بخاری کی قرار داد کا متن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 16 اکتوبر 2018 19:04

ڈی جی نیب لاہور کی تعلیمی ڈگری جعلی نکلی
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 اکتوبر 2018ء) ملک میں کرپٹ افراد کا احتساب کرنے والے ڈی جی نیب لاہور کی تعلیمی ڈگری جعلی نکلی، مسلم لیگ ن نے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کوعہدے سے ہٹانے کی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ڈگری کی تصدیق کیلئے ڈی جی نیب لاہورکونوٹس جاری کیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق  مسلم لیگ کی رہنماء عظمیٰ بخاری نے ڈائریکٹر جنرل نیب لاہورشہزاد سلیم کوعہدے سے ہٹانے کیلئے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے۔

قرارداد کے متن کے مطابق ڈی جی نیب لاہورشہزاد سلیم کی تعلیمی ڈگری جعلی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ڈگری کی تصدیق کیلئے ڈی جی نیب لاہورکونوٹس جاری کیے۔ ڈی جی نیب لاہورشہزاد سلیم نے آج تک اپنی ڈگری کی تصدیق نہیں کرائی۔

(جاری ہے)

قرار داد میں مزید کہا گیا کہ ڈی جی نیب لاہورکے خلاف جعلی ڈگری کیس متعلقہ اداروں میں زیر سماعت ہیں۔ واضح رہے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نیب کی حراست میں ہیں۔

شہبازشریف پر الزام ہے کہ انہوں نے آشیانہ کا ٹھیکہ لطیف کمپنی کو دے کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے۔ نیب لاہور نے صدر ن لیگ شہبازشریف کو صاف پانی کیس میں پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا تھا جبکہ انہیں نیب آفس میں آشیانہ کیس میں گرفتار کرلیا۔ نیب نے الزام عائد کیا کہ شہبازشریف نے چوہدری لطیف کی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کرکے قومی خزانے کوکروڑوں کا نقصان پہنچایا ہے۔

جبکہ ن لیگ کا کہنا ہے کہ جس ٹھیکیدار کا شہبازشریف نے کرپشن کی بنیاد پر ٹھیکہ منسوخ کیا اس کو پشاور میٹرو کا ٹھیکہ دے دیا گیا۔ نیب نے7 اکتوبر کو شہبازشریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا۔اور 10روز کا جسمانی ریمانڈ لیا۔ نیب نے آج 16 اکتوبر کو پھر شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا اور 14 روز کا مزید جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی گرفتاری کیخلاف ن لیگی کارکنان اور اپوزیشن جماعتیں بھی سراپا احتجاج ہیں۔ مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی نے آج پنجاب اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران شہبازشریف کے حق میں اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں