احتجاج کے نام پر تین روز تک نظامِ زندگی درہم برہم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع

احتجاجی مظاہروں کے بعد مظاہرین کی پکڑ دھکڑ جاری،اسلام آباد اور لاہور سمیت کئی شہروں سے دھرنا مظاہرین اور تحریک لبیک کے کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 5 نومبر 2018 15:44

احتجاج کے نام پر تین روز تک نظامِ زندگی درہم برہم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 نومبر2018ء) احتجاجی مظاہروں کے بعد مظاہرین کی پکڑ دھکڑ جاری۔ اسلام آباد اور لاہور سمیت کئی شہروں سے دھرنا مظاہرین اور تحریک لبیک کے کارکنان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق آسیہ بی بی سے متعلق سپریم کورٹکے فیصلے کے بعد پنجاب سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا جو تین روز تک جاری رہا۔

مظاہرین نے احتجاج کے دوران کئی گاڑیاں بھی جلا ئیں۔احتجاج کے باعث کاروباری سرگرمیاں تین روز تک معطل رہیں۔جس سے ملک کو اربوں روپے کانقصان اٹھانا پڑا۔راستے بلاک ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔تاہم اب قانون بھی حرکت میں آ گیا ہے،احتجاج کے نام پر فساد برپا کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملک کے متعدد شہروں میں پولیس نے چھاپے مار کر دھرنا مظاہرین اور تحریک لبیک کے متعدد کارکنان کو گرفتار کر لیا ہے۔
اسلام آباد میں تحریک بیک کے مزید 230 مظاہرین کے خلاف دو نئے مقدمات درج کر کے دس مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے۔دونوں مقدمات میں مقامی رہنماؤں ممود ارحمان اور رضوان رضوی مرکزی ملزم نامزد ہیں۔وفاقی پولیس نے ویڈیوز کی مدد سے توڑ پھوڑ میں ملوث 30 افراد کی شناخت کے بعد صبح سویرے ماظاہرین کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جب کہ ضلعی انتظامی نے 18افراد کو جیل بھجوا دیا ہے۔

راولپنڈی میں بھی تحریک لبیک کے کارکنان کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے۔18مقدمات میں نامزد 200 میں سے 32 کارکنان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔لاہور میں بھی پر تشدد کاروائیاں کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔تحریک لبیک کے زیر حراست کارکنان کی نشاندہی پر دیگر کے خلاف بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
سی سی ٹی وی کیمروں اور میڈیا کی مدد سے احتجاج کی آڑ میں توڑ پھوڑ کرنے والے 52 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

عدالت نے تحریک لبیک کے 8کارکنان کو 14روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔احتجاج کے دوران سرکاری اور نجی املاک کونقصان پہنچانے ، پولیس اہلکاروں پر تشدد اور شہریوں کی گاڑیوں کو نذر آتش کرنے والے شر پسند عناصر کے خلاف پولیس کا کریک ڈائون جاری ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور پولیس نے سوشل میڈیا اور سی سی ٹی وی کیمروں اور نادرہ کی مدد سے درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا۔ جبکہ گرفتار افراد کی نشاندہی پر مزید گرفتاریوں کا عمل جاری ہے ۔ پولیس کے مطابق درجنوں شر پسند عناصر کے خلاف دہشتگردی اور دیگر سنگین دفعات کے تحت 7 تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں