عثمان بزدار بھی وسیم اکرم اور انضمام الحق کی طرح اچھا انتخاب ثابت ہوں گے‘عثمان بزدار کے دل میں کمزورآدمی کیلئے رحم اوراحساس موجود ہے

عمران خان کی عثمان بزدار کی تعریف ، پناہ گاہ کیلئے تیزی سے اقدامات کرنے پر خراج تحسین، مبارکباد بھی دی

ہفتہ 10 نومبر 2018 22:38

عثمان بزدار بھی وسیم اکرم اور انضمام الحق کی طرح اچھا انتخاب ثابت ہوں گے‘عثمان بزدار کے دل میں کمزورآدمی کیلئے رحم اوراحساس موجود ہے
لاہور۔10 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی تعریف کی ہے اورانہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح میں کرکٹ میں کھلاڑی چنتا تھا اوروہ وسیم اکر م اور انضمام الحق بن جاتے تھے۔عثمان بزدار بھی وسیم اکرم اور انضمام الحق کی طرح اچھا انتخاب ثابت ہوں گے۔

اس موقع پر انہوں نے سٹیج پربیٹھے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے کہ اسی طرح پنجاب میں بھی وسیم اکرم نکلے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے ریلوے سٹیشن کے قریب مسافروں کیلئے ’’پناہ گاہ‘‘ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اس نیک کام کے آغاز پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو مبارکباد دیتا ہوں۔

(جاری ہے)

عثمان بزدار کو عام آدمی کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے۔ان کے علاقے میں اڑھائی لاکھ افراد کیلئے ہسپتال نہیں ہے اورپانی بھی موجود نہیں۔انہیں علم ہے کہ عام آدمی کو کیا مشکل آتی ہے جبکہ ماضی میں پنجاب میں بادشاہت تھی اوربادشاہ محلوں میں رہتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ میں نے ایسے وزیراعلیٰ کا انتخاب کیا ہے جو پسماندہ ترین علاقے سے ہے اوران کے دل میں کمزورآدمی کیلئے رحم اوراحساس موجود ہے۔

جس کی مثال آج ’’پناہ گاہ‘‘ کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنا ہے کیونکہ میں نے صرف ایک مرتبہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اس طرح کا منصوبہ بنانے کی بات کی کہ جو لوگ سڑکوں پر سوتے ہیں ،ان کی کوئی آواز نہیں اوریہ ہمارا ووٹ بینک بھی نہیں لیکن ہمیں ان کیلئے کچھ کرنا ہے۔ مجھے بڑی خوشی ہے کہ عثمان بزدارنے اس ضمن میں انتہائی تیزی سے اقدامات کیے اورخودلاہور میں پانچ مقامات کا انتخاب کیا ،جس پر میں وزیراعلی عثمان بزدار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اورمبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لگتاہے مجھے یہاں بھی ایک وسیم اکرم مل گیا ہے ،جس طرح کرکٹ میں نے نئے کھلاڑی انضمام الحق وغیرہ متعارف کرائے، اس طرح یہاں بھی وسیم اکرم نکلے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں