خان صاحب کسی غلط فہمی کا شکار ہیں، نیب نوٹسز کے ذریعے ہمیں ڈرایا نہیں جا سکتا‘پاکستان پیپلز پارٹی

حکومت اداروں کو تباہ کرنے کی راہ پر گامزن ہے، اپنے مستقبل سے مایوس وزیراعظم اداروں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کر رہے ہیں عمران خان کے بیانات اور قبل از وقت انتخابات کا عندیہ ان کی ناکامی کا اعتراف ہے، حیرت ہے چند ٹکوں کے عوض خود کو ذلفی بخاری کے پاس گروی رکھنے والے ہمیں ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں‘مولا بخش چانڈیو ،سید حسن مرتضیٰ

پیر 10 دسمبر 2018 15:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اداروں کو تباہ کرنے کی راہ پر گامزن ہے، اپنے مستقبل سے مایوس وزیراعظم اداروں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کر رہے ہیں ، عمران خان کے بیانات اور قبل از وقت انتخابات کا عندیہ ان کی ناکامی کا اعتراف ہے، قوم ان سے حساب لے گی،حیرت ہے کہ چند ٹکوں کے عوض خود کو ذلفی بخاری کے پاس گروی رکھنے والے ہمیں ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اس امر کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولابخش چانڈیو اور پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات و پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا ۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ چیئرمن بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کو جاری نیب نوٹسز کے پیچھے مایوس سیاسی حکومت ہے، خان صاحب کے پاس سیاسی قوت نہیں وہ آمرانہ طرز پر اپوزیشن کو کچلنا چاہتے ہیں، پارلیمنٹ کو بے اثر کرنا اور آرڈیننسز کے ذریعے ملک چلانا آمروں کا وطیرہ ہے، خان صاحب کسی غلط فہمی کا شکار ہیں، نیب نوٹسز کے ذریعے ہمیں ڈرایا نہیں جا سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مایوس حکومت انہیں نیب کے ذریعے ڈرا رہی ہے جن کے سامنے آمریتیں ڈھیر ہو گئیں، یوٹرن لینے والے اور ہوں گے ہم تو عوام کی خاطر جانیں دینے والوں کے وارث ہیں، ہم چار دہایوں سے زائد عرصے سے احتساب کے نام پر انتقام کا مقابلہ کرتے آئیں ہیں، خان صاحب کو احتساب کا دکھاوا ہی کرنا ہے تو بسم اللہ اپنے گھر اور دوستوں سے کریں، عمران خان پہلے خیبرپختونخواہ حکومت کے پانچ سالوں کا حساب تو قوم کو دیں، خیبرپختونخواہ کی بات آئی تو اپنے مالی سہولت کاروں کو بچانے کیلئے خان صاحب نے احتساب کمیشن ہی ختم کر دیا۔

مولابخش چانڈیو نے کہا کہ بات ریاست مدینہ کی اور انداز ضیا الحق اور مشرف والے، اس طرح تو نہیں چلے گا، عمران خان کے بیانات اور قبل از وقت انتخابات کا عندیہ ان کی ناکامی کا اعتراف ہے، خان صاحب مسائل حل کرنے کے بجائے وقت گذارنا چاہتے ہیں، لیکن قوم ان سے حساب لے گی، ابھی تو صرف کاروباری لوگ سڑکوں پر آئے ہیں، آہستہ آہستہ تمام طبقات حکومت کے سامنے ہوں گے۔

سید حسن مرتضی نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیراعظم ملک کو تباہی کی راہ پر لے آیا ہے، چیئرمن بلاول بھٹو کو نوٹس بھیجوا کر سیلیکٹڈ حکومت نے اپنی اوقات دکھا دی ہے، حکومت چیئرمن بلاول بھٹو کے میدان میں آتے ہی ڈر گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیازی صاحب اب قبل از وقت انتخاب نہیں ہوں گے بلکہ آپ کا یوم حساب ہوگا۔حیرت ہے کہ چند ٹکوں کے عوض خود کو ذلفی بخاری کے پاس گروی رکھنے والے ہمیں ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نازی کا نعرہ سونامی اور ایجنڈا تباہی ہے، جو سونامی آیا وہ تباہی پھیلانا شروع ہو چکا ہے، معیشت کو تباہ کرنے کے بعد عمران نازی اب پارلیمنٹ کو بے اثر کرنا چاہتا ہے، نازی اپنے آمر استادوں ضیا اور مشرف کا صدارتی نظام کا ایجنڈا پورا کرنے کی سازش کر رہا ہے، سیاسی قوتوں کو بدنام اور ناکام ظاہر کرنا ہی نازی کا اصل ایجنڈا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں