کیا تحریک انصاف کے رہنماؤں کو نیب کی فائلوں تک رسائی حاصل ہے؟

عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ میں نے نیب آفس میں موٹی موٹی فائلیں دیکھی ہیں اگلی باری خواجہ آصف کی ہے۔۔ پی ٹی آئی رہنما نے سنگین انکشاف کر دیا ہے کیا نیب ان کو فائلیں دکھاتا ہے؟ ن لیگی رہنما

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 12 دسمبر 2018 13:41

کیا تحریک انصاف کے رہنماؤں کو نیب کی فائلوں تک رسائی حاصل ہے؟
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11دسمبر 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ مجھے چند روز قبل خواجہ آصف کے خلاف کیس کے سلسلے میں نیب جانا ہوا تو میں نے وہاں موٹی موٹی فائلیں دیکھیں جس سے مجھے لگتا ہے کہ لاہور کے خواجہ کے بعد سیالکوٹ کے خواجہ کی باری ہے۔جس پر پروگرام میں موجود پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے کہا کہ یہ آپ کیسی بات کر رہے ہیں کیا نیب اپنی فائلیں آپ کو دکھاتا ہے؟ جس پر عثمان ڈار نے کہا کہ جب میں نیب آفس گیا تو وہاں ٹیبل پر موٹی موٹی فائلیں پڑی تھیں۔

تو میں نے نیب آفیسر سے سوال کیا کہ یہ جو اتنی موٹی فائلیں پڑی ہیں یہ کس کی ہیں تو مجھے بتایا گیا کہ یہ خواجہ آصف کے اثاثوں اور اس کی تفصیلات کی فائلیں ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم ن لیگی رہنما نے عثمان ڈار کے جملے کو پکڑ لیا اور کہا کہ آپ نے بڑا خطرناک انکشاف کیا ہے کہ نیب آپ کو فائلیں دکھاتا ہے۔خیال رہے ن لیگ کی طرف سے یہ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ نیب صرف ن لیگ کے رہنماؤں کے خلاف کاروائی کرتا ہے۔

جب کہ ن لیگ کے سابق وزراء تو کئی بار یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ نیب اور پی ٹی آئی کا گٹھ جوڑ ہے۔گذشتہ روز ن لیگ کے رہنما سعد رفیق کو بھی نیب نے حراست میں لیا تھا۔ نیب لاور نے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو پیرا گون سٹی کرپشن کیس میں مبینہ طور پر مالی فوائد حاصل کرنے کے الزام میں لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کیا تھا۔جب کہ مریم اورنگزیب کے خلاف بھی نیب نے آمد سے زائد اثاثوں کے الزام کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔اور اب  پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے خواجہ آصف کی گرفتاری کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ معاملہ اس بات تک ختم نہیں ہوگا،سیالکوٹ کے خواجے بھی گرفت میں آئیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں