پنجاب کابینہ میں کون فارغ ہو گا اور کس کو وارننگ دی جائے گی ، فہرست تیار ہو گئی

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حتمی فہرست تیار کر لی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 19 اپریل 2019 17:02

پنجاب کابینہ میں کون فارغ ہو گا اور کس کو وارننگ دی جائے گی ، فہرست تیار ہو گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اپریل 2019ء) : وفاقی کابینہ کے بعد پنجاب کی کابینہ میں بھی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ میں کون فارغ ہو گا ، کس کا قلمدان تبدیل کیا جائے گا اور کس کو وارننگ دی جائے گی اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فہرست تیار کر لی ہے۔ وزیر ایکسائز ممتاز احمد کو تبدیل کیے جانے کا امکان ہے جبکہ وزیر تعلیم مراد راس کو وارننگ دی گئی ہے۔

وزیر سوشل ویلفئیر اور بیت المال اجمل چیمہ کی کارکردگی بھی ناقص قرار دے دی گئی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اجمل چیمہ سے سوشل ویلفئیر اور بیت المال کی وزارت لے کر فیاض الحسن چوہان کو دے دی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ حسین جہاں گردیزی سے پروفیشنل ڈیولپمنٹ اور مینجمنٹ کا چارج واپس لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر جیل خانہ جات زوار حسین وڑائچ ، وزیر کھیل تیمور بھٹی اور وزیر خوراک سمیع اللہ چودھری کی وزارت بھی خطرے میں ہے۔

ذرائع کے مطابق تمام وزارتوں سے متعلق فیصلہ حکومت آنے کے بعد سے لے کر اب تک کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مجموعی طور پر چھ سے سات وزرا کی وزارتوں میں تبدیلی کا امکان ہے۔ ان تمام وزرا نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزارت کی کارکردگی کی رپورٹ طلب کیے جانے کے باوجود کوئی رپورٹ جمع نہیں کروائی۔ مذکورہ وزرا کو بارہا اپنی کارکردگی درست کرنے کی ہدایت کی گئی اور ان سے یہ بھی کہا گیا کہ وہ اپنی وزارتوں میں جاری منصوبوں کی رپورٹ بھی وزیراعلیٰ کو بھجوائیں لیکن ایسا نہیں ہوا۔

پنجاب کابینہ میں ان تبدیلیوں پر فوری طور پر عملدرآمد ہوتا ہے یا نہیں اس کا فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد ہو گا۔ کچھ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کی بجائے خفیہ اداروں سے وزرا کی کارکردگی کی رپورٹس طلب کیں جس کے بعد پنجاب کے سات کابینہ اراکین کی وزارتوں کا قلمدان تبدیل کرنے اور نئے مشیر شامل ہونے کا امکان ہے جبکہ بیوروکریسی میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیاں متوقع ہیں۔

دوسری جانب میڈیا ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ جون کا بجٹ یہی حکومت پیش کرے گی ، ممکن ہے کہ اس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کو تبدیل کر دیا جائے۔ لیکن فی الوقت عثمان بزدار ریڈ زون سے باہر ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھالنے کے لیے کافی نام زیر گردش ہیں جبکہ حکومتی جماعت میں اس حوالے سے لابنگ بھی ہو رہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں