پنجاب اسمبلی کے اراکین پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے والے ہیں

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا کا دعویٰ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 22 اپریل 2019 12:06

پنجاب اسمبلی کے اراکین پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے والے ہیں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اپریل 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا نے صوبائی کابینہ کے اراکین کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت سے متعلق دعویٰ کر دیا۔ شوکت بسرا کا کہنا تھا کہ میں نے چار دن قبل ایک پریس کانفرنس کی تھی ، مسلم لیگ ن پنجاب میں حکومت بنانے کے خواب دیکھ رہی ہے ، نواز شریف کا اپریل کے آخر میں ضمانت کا وقت ختم ہو جائے گا جس کے بعد وہ دوبارہ جیل میں ہوں گے، اس مرتبہ جب میاں صاحب جیل جائیں گے تو میں یہ پیشن گوئی کر رہا ہوں کہ جون سے قبل پنجاب میں فارورڈ بلاک نظر آئے گا ، ن لیگ کے بیس سے پچیس لوگ مل کر فارورڈ بلاک بنائیں گے ، پی پی 244 سے انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے والے ارشد بھی اس فارورڈ بلاک کا حصہ ہوں گے، انہوں نے اراکین اسمبلی کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا بھی دعویٰ کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی تبدیلی کا فی الوقت کوئی امکان نہیں ہے۔ البتہ وزرا کے کچھ محکمے تبدیل کیے جائیں گے۔ میں نام نہیں لینا چاہتا لیکن ہو سکتا ہے کہ پنجاب کے ایک یا دو وزرا کی جگہ نئے وزیروں کو تعینات کر دیا جائے۔ ممکن ہے کہ نئے لوگوں کو تبدیلی دے دی جائے۔شوکت بسرا نے صوبائی کابینہ میں رد و بدل سے متعلق خبر دیتے ہوئے کہا کہ اگر وزرا کی تبدیلی کے حوالے سے بات کی جائے تو میرے خیال سے بجٹ سے پہلے وزرا کی تبدیلی کا امکان ہے۔

شوکت بسرا نے اس سے قبل ن لیگ کے اندر بننے والے فارورڈ بلاک سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس فارورڈ بلاک میں شامل اراکین اسمبلی کا کہنا ہے کہ ہمارے لیڈران میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف نے جو لوٹ مار کی ہے ہم کسی صورت بھی اس کا دفاع نہیں کریں گے۔ شوکت بسرا نے بتایا کہ فارورڈ بلاک میں شامل اراکین کا کہنا ہے کہ ہم فارورڈ بلاک بنا کر پاکستان کی تعیر و ترقی میں حصہ لیں گے اور عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں