چودھری برادران کا میاں برادران سے رابطہ

چودھری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ کا قائدِ حزب اختلاف میاں شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ، میاں نواز شریف کی صحت سے متعلق گفتگو

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 23 اکتوبر 2019 22:40

چودھری برادران کا میاں برادران سے رابطہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر2019ء) چودھری برادران کا میاں برادران سے رابطہ ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چودھری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے قائدِ حزب اختلاف میاں شہباز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہیٰ نے میاں نواز شریف کی صحت سے متعلق گفتگو کی اور نواز شریف کی صحت سے متعلق استفسار کیا ہے۔

سیاسی مبصرین اس ٹیلی فونک رابطے کو سیاسی اعتبار سے بریک تھرو اور انتئہائی معنی خیز بھی قرار دے رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو فون کیا اوران سے بڑے بھائی کی خیریت دریافت کی۔ ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف سے اسپیکر پنجاب اسملبی چودھری پرویز الہیٰ کی بھی فون پر بات چیت ہوئی جس میں انہوں نے بھی سابق وزیراعظم کی خیریت دریافت کی ہے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویز الہیٰ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی جلد اور فوری صحتیابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین گزشتہ دنوں جب جرمنی میں علاج کے بعد اسپتال سے اپنی رہائش گاہ پر منتقل ہوئے تھے تو اس وقت ان کے پاس سابق وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی بھی موجود تھے۔ سیاسی مبصرین کو یقین تھا کہ عابد شیر علی کی موجودگی بے وجہ نہیں ہے۔

عابد شیرعلی فیصل آباد کے چودھری شیرعلی کے صاحبزادے اور رشتے میں میاں نواز شریف کے بھانجے لگتے ہیں۔ ماضی میں بھی متعدد مرتبہ کوشش کی گئی کہ میاں برادران اور چودھری برادران کے درمیان سیاسی رابطہ ہو جائے جس پر چودھری برادران نے ہمیشہ لچک دکھائی مگر میاں نواز شریف نے اس ضمن میں ہمیشہ سخت گیر مؤقف اپنائے رکھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں