پی ڈی ایم کا لانگ مارچ سے قبل تحریک عدم اعتماد کے آپشن پر غور

پیپلزپارٹی کے بعد مسلم لیگ ن کا بھی ان ہاؤس تبدیلی لانے کا اشارہ، حکومتی اتحادیوں سے مل کر جلد تحریک عدم اعتماد لائی جاسکتی ہے۔ مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 23 جنوری 2021 15:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جنوری2021ء) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے لانگ مارچ سے قبل تحریک عدم اعتماد کے آپشن پر غور شروع کردیا، پیپلزپارٹی کے بعد مسلم لیگ ن نے بھی ان ہاؤس تبدیلی لانے کا اشارہ دے دیا، مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومتی اتحادیوں سے مل کر جلد تحریک عدم اعتماد لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے انسدادِ منشیات کی خصوصی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ الیکشن کمیشن میں یہ خود اعتراف کر چکے ہیں اور اعتراف جرم کے بعد چیف الیکشن کمشنر کے پاس کارروائی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے، اس نے اعتراف کیا کہ فارن فنڈنگ میں نے نہیں میرے ایجنٹس نے کی ہے، جبکہ کمپنیاں ان کے دستخط سے رجسٹرڈ ہیں۔

براڈ شیٹ کا مالک بھی بہت بڑا چور ہے، یہ براڈشیٹ کے مالک سے ملے ہوئے تھے اور اس سے ملکر چوری کی، شہزاد اکبر نے کمیشن کمایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تین سال سے چور کا شور مچانے والا چور پکڑا جاچکا ہے، اسرائیلی اور انڈین لابی کی فرموں سے انہوں نے پیسہ لیا اور فارن فنڈنگ کا پیسہ ملک کے خلاف استعمال کیا گیا جب کہ الیکشن کمیشن میں اس نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے کیس میں جس ویڈیو کا بیان وفاقی وزیر اور ڈی جی دیتے رہے وہ آج تک عدالت کو فراہم نہیں کر سکے۔ انہوں نے اس قوم سے فراڈ کیا ہے او ریہ قوم کے سامنے ایکسپوز ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ پر چلنے اور پھلنے پھولنے والی جماعت ہے ، یہ فنڈنگ فارن نہیں بلکہ ملک دشمنوں سے لی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ آٹا 30 سے 35 سے بڑھ کر 75 روپے کلو تک پہنچ چکا ہے ،آٹا، چینی، ادویات چوروں نے مہنگائی کا بازار لگا رکھا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شیدا ٹلی دوبارہ میاںصاحب سے معاف مانگے گا،یہ پنڈی کا شیطان انتہائی گھٹیا انسان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ کے مالک بھی ان کے ساتھ ملا ہوا ہے ،شہزاد اکبر کا براڈ شیٹ میں کمیشن تھا،انہوں نے پراپرٹی ٹائیکون سے بھی کمیشن لیا، ان کی حرکتوں کی وجہ سے تحریک عدم اعتماد آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر کے نشان والا ماسک پہننے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اس میں کوئی غیر معمولی بات نہیں ،شیر کا نشان ہماری پارٹی کی پہچان ہے ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت کیخللاف تحریک عدم اعتماد کا بھی آپشن موجود ہے۔ اگر اتحادی پیچھے ہٹے تو ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی آسکتی ہے۔ واضح رہے گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو بھی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا آپشن استعمال کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں