عمران خان پر نااہلی کی تلوار لٹکنے لگی ہے،آئینی ادارے کی توہین کے نتیجے میں وہ نااہل ہو سکتے ہیں

الیکشن کمیشن پراعتراض اور ان کے فیصلے کو چیلنج کرنے کے علاوہ شرمناک الفاظ کے استعمال پر چیف الیکشن کمشنر ان کے خلاف عدالت لگا سکتے ہیں،سابق چیف الیکشن کمشن کنور دلشاد

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 7 مارچ 2021 04:11

عمران خان پر نااہلی کی تلوار لٹکنے لگی ہے،آئینی ادارے کی توہین کے نتیجے میں وہ نااہل ہو سکتے ہیں
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 07مارچ 2021ء ) عمران خان صاحب نے ڈسکہ میں دوبارہ الیکشن کرانے اور حکومتی مشینری کی اناہلی کا فیصلہ دینے کے بعد جس طرح کی گفتگو کی اور ان کے وزرا نے بھی الیکشن کمیشن کو تنقیدکا نشانہ بنایا اس کی بازگشت چار سو سنائی دی۔یہی نہیں بلکہ گزشتہ روز اعتماد کا ووٹ جیتنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ایوان میں کھڑے ہو کر جب تقریر کی تو اس میں بھی الیکشن کمیشن کے لیے شرمناک تک کے الفاظ استعمال کیے اور الیکشن کمیشن پر جانبدار ہونے کا الزام لگایا۔

اسی موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں سابق چیف الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا کہ عمران خاں صاحب نے الیکشن کمیشن کو متنازع بنانے کی کوشش کی ہے۔شرمناک کے الفاظ کے علاوہ الیکشن کمیشن پر الزام تراشی اور دشنام طرازی بھی وزیراعظم کے شایان شان نہیں تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یاد رکھیے الیکشن کمیشن کے پاس اعلیٰ عدلیہ کے اختیارات ہوتے ہیں اور چیف الیکشن کمشنر کے پاس سپریم کورٹ کے جج کے برابر اختیارات ہیں یوں عمران خان صاحب کی اس تقریر پر الیکشن کمیشن انہیں ذاتی حیثیت میں طلب کر کے کوئی بھی فیصلہ دے سکتا ہے۔

عمران خان صاحب نے ریاستی ادارے کی کریڈیبلٹی کو چیلنج کیا ہے جس کے لیے ان پر توہین عدالت کا کیس بنتا ہے اور اگر الیکشن کمیشن نے انہیں طلب کر لیا اور ان کے خلاف فیصلہ آ گیا تو اس صورت میں وزیراعظم صاحب نااہل بھی ہو سکتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان صاحب کو الیکشن کمیشن کی کریڈیبلٹی کا خیال رکھنا چاہیے تھااور چیف الیکشن کمشنر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے لحاظ رکھنا چاہیے تھا۔

کنور دلشاد نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ خواہ مخواہ لیااور انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔چونکہ اپوزیشن یا کسی کی طرف سے بھی ایوان میں عدم اعتماد کی تحریک جمع نہیں کرائی گئی تھی اور ایسے ہی صدر پاکستان نے انہیں لکھ دیا کہ آپ اعتماد کھو چکے ہیں لحاظ اعتماد کا ووٹ لیں یہ الفاظ اس بات کو ثابت کرتے کرتے ہیں کہ صدر پاکستان نے وزیراعظم پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔لہٰذا عمران خان صاحب کو اداروں کو متنازع نہیں بنانا چاہیے الیکشن کمیشن سمیت آئینی اداروں کااحترام بھی ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں