نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب

اجلاس 22 جولائی کو شام 4 بجے ہوگا ‘ پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ سے نوٹیفکیشن جاری

Sajid Ali ساجد علی منگل 5 جولائی 2022 15:41

نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 جولائی 2022ء ) صوبہ پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی نے وزیراعلی ٰکے انتخاب کے لیے پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا ، وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 22 جولائی کو شام 4 بجے ہو گا ، اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی نے اجلاس طلب کرنے کے نوٹی فکیشن پر دستخط کر دیئے ، جس کے بعد پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ نے اجلاس طلب کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ، اجلاس کی صدرات ڈپٹی اسپیکر سردار دوست مزاری کریں گے۔

اس حوالے سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ وزیراعلیٰ الیکشن کیلئے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اقدامات کر رہے ہیں اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت اجلاس طلب کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے 22 جولائی کی تاریخ دی ہوئی ہے ، اس حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں تحریک انصاف کی اپیل پر سماعت ہوئی، عدالت نے وزیراعلیٰ پنجاب کے دونوں امیدواروں حمزہ شہباز اور پرویز الٰہی کورن آف پول کی متفقہ تاریخ طے کرنے کیلئے طلب کیا، جس پر عدالت نے دونوں فریقین کو وقت بھی دیا ۔

جس کے بعد چیف جسٹس سپریم کورٹ عمر عطا بندیال نے کہا کہ تین ماہ کا آئینی بحران ہم نے تین سیشنز میں حل کردیا ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب سترہ جولائی ضمنی الیکشن کے بعد 22 جولائی کو ہوگا ، چیف جسٹس نے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز سے پوچھا کہ حمزہ شہبازآپ کو 22 جولائی کی تاریخ منظور ہے، جس پر حمزہ شہباز نے کہا کہ جی مجھے کوئی اعتراض نہیں، چیف جسٹس نے پوچھا کہ چودھری صاحب بتائیں اگر 17 جولائی کو الیکشن ہوتو نتائج کب تک جاری ہوں گے؟ جس پر وکیل ق لیگ نے بتایا کہ ضمنی الیکشن کا نتیجہ 22 جولائی تک جاری ہوجائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں