آپریشن تھیٹرز میں خاتون مریضہ کی ٹک ٹاک بنانے کا واقعہ،شاہ کوٹ ہسپتال کی گائناکالوجسٹ کو معطل کردیاگیا

ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز سرگودھا ڈویژن رانا ریاض احمد کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی، کمیٹی 72 گھنٹے میں اپنی رپورٹ سیکرٹری ہیلتھ کو پیش کرے گی

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 30 مارچ 2024 11:59

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 مارچ2024 ء) تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال شاہ کوٹ کے آپریشن تھیٹرز میں خاتون مریضہ کی ٹک ٹاک بنانے کا واقعہ،سیکریٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب علی جان نے ہسپتال کی گائناکالوجسٹ ڈاکٹر شازیہ جاوید کو معطل کردیا۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز سرگودھا ڈویژن رانا ریاض احمد کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاگیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی 72 گھنٹے میں اپنی رپورٹ سیکرٹری ہیلتھ کو پیش کرے گی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب کے ضلع ننکانہ کے تحصیل ہیڈکوارٹرز ٹی ایچ کیو ہسپتال شاہ کوٹ کے آپریشن تھیٹرمیں مریضہ کی دوران آپریشن ٹک ٹاک بنانے کی ویڈیو وائر ل ہوئی تھی۔ نرس نے ڈیلیوری آپریشن کے دوران مریضہ کی نامناسب ویڈیو بنا کرسوشل میڈیا پروائرل کردی تھی۔

(جاری ہے)

آپریشن تھیٹر میں مریضہ کی نامناسب ویڈیو پر ٹک ٹاک بنانے اور اسے وائرل کرنے کے معاملے پر ہسپتال انتظامیہ خاموش رہی اور واقعہ کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے معاملے کی انکوائری کیلئے خط بھی لکھا لیکن اس پر کوئی شنوائی نہیں کی گئی۔ہسپتال کی ویڈیو وائرل ہونے پرپنجاب کے صوبائی وزیرصحت خواجہ عمران نذیر نے معاملے کافوری نوٹس لیاتھااور سیکرٹری صحت علی جان کو واقعہ کی مکمل انکوائری کیلئے کمیٹی بنانے کی فوری ہدایت جاری کی تھی۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ہسپتال کے آپریشن تھیٹرز میں بننے والی ٹک ٹاک ویڈیو کے واقعہ کی مکمل چھان بین کرکے ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں خواتین کی پرائیویسی کا مکمل تحفظ کیا جائےگا۔اور اگر آئندہ کسی بھی سرکاری ہسپتالوں میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کا واقعہ ہوا تو اس ہسپتال کی انتظامیہ ذمہ دار ہوگی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں