پی پی 133 سے دوبارہ گنتی میں کامیاب ن لیگی امیدوار کا نوٹیفکیشن معطل

جسٹس شاہد کریم نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار محمد عاطف کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے

Sajid Ali ساجد علی منگل 16 اپریل 2024 10:55

پی پی 133 سے دوبارہ گنتی میں کامیاب ن لیگی امیدوار کا نوٹیفکیشن معطل
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اپریل 2024ء ) لاہور ہائیکورٹ نے پی پی 133 سے دوبارہ گنتی میں کامیاب ن لیگی امیدوار کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکوٹ میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 133 ننکانہ صاحب سے دوبارہ گنتی میں کامیاب قرار دیئے جانے والے مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا ارشد کی کامیابی کے نوٹی فکیشن کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار محمد عاطف کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے ن لیگی امیدوار رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔

بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار محمد عاطف نے اپنی درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے، ان کا مؤقف ہے کہ فارم 45 کے مطابق 3 ہزار 500 سے زائد ووٹوں سے کامیابی حاصل کی لیکن الیکشن کمیشن نے قانون کے برعکس دوبارہ گنتی کا حکم دیا اور دوبارہ گنتی میں رانا ارشد کو 2 ہزار 500 سے زائد ووٹوں سے کامیاب قرار دے دیا گیا، الیکشن کمیشن نے رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹی فکیشن خلاف قانون جاری کیا، اس لیے عدالت رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے اور عدالت درخواست گزار کی بطور ایم پی اے کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کا حکم دے۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے گوجرنوالہ سے دوبارہ گنتی کے نتیجے میں کامیاب قرار پانے والے مسلم لیگ ن کے امیدوار کی کامیابی کا نوٹی فکیشن بھی معطل قرار دیا جاچکا ہے، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 81 سے ن لیگ کے اظہر قیوم ناہرہ کو دوبارہ گنتی میں کامیاب قرار دیئے جانے کا فیصلہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار بلال اعجاز چوہدری نے چیلنج کیا، درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ’بلال اعجاز چوہدری 8 ہزار ووٹوں سے کامیاب قرار پائے لیکن الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی پراظہر قیوم کو کامیاب قراردے دیا، دوبارہ گنتی پر درخواست گزار کا ڈھائی ہزار ووٹ کم کر دیا گیا، عدالت ن لیگی امیدوار اظہر قیوم ناہرہ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کرے‘، بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد این اے 81 گوجرانوالہ سے ن لیگ کے امیدوار اظہر قیوم ناہرہ کی کامیابی کا نوٹی فکیشن معطل کردیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں