پنجاب بھر میں 1500 دیہی، 1200 شہری افراد کیلئے ایک صفائی والا مختص کرنے کی ہدایت

صفائی کا نیٹ ورک دوردراز علاقوں تک پھیلایا جائے، صفائی ستھرائی کے ساتھ روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے، وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 16 اپریل 2024 19:42

پنجاب بھر میں 1500 دیہی، 1200 شہری افراد کیلئے ایک صفائی والا مختص کرنے کی ہدایت
لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 اپریل 2024ء) پنجاب کے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پورے پنجاب میں صفائی کا یکساں میکانزم رائج کیا جائے گا۔ ”ستھرا پنجاب“ پروگرام کے لئے مالی وسائل کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ”ستھرا پنجاب“ پروگرام آئوٹ سورس کرنے کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صفائی کا نیٹ ورک دور دراز کے علاقوں تک پھیلانے کی ہدایت کی ہے لہذا کوئی گائوں ایسا نہیں ہونا چاہیئے جہاں صفائی کا عملہ موجود نہ ہو۔

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری آسیہ گل اور پنجاب بھر کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے سی ای اوز کو تمام دیہی علاقوں کی پندرہ روز کے اندر میپنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صفائی کے نیا معیارات متعارف کرانے کے لئے ”اب گاوں چمکیں گے“ پروگرام کا ڈیٹا اپ ڈیٹ کر کے استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز ہر تحصیل میں ممکنہ کنٹریکٹرز کی استعدادکار کا جائزہ لیں۔

جس علاقے میں آئوٹ سورسنگ نہ ہوسکی وہاں متعلقہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کام کرے گی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ آئوٹ سورسنگ کے عمل میں مانیٹرنگ کا موثر نظام قبل از وقت تیار کر لیا جائے۔ آئوٹ سورسنگ سے جہاں صفائی ستھرائی کی صورتحال میں بہتری آئے گی وہاں روزگار کے مواقع بڑھیں گے کیونکہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ہر علاقے میں مقامی انسانی وسائل استعمال کرنے کو ترجیح دی جائے گی۔

اجلاس میں 1800 دیہی اور 1200 شہری افراد کیلئے ایک صفائی والا مختص کرنے کی تجویز دی گئی جس پر وزیر بلدیات نے دیہات میں 1500 افراد کے لئے کم سے کم اایک صفائی والا مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زور دیا کہ تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز اپنی استعدادکار بڑھانے پر توجہ دیں۔ صفائی کے اہداف کمیونٹی موبلائزیشن کے بغیر حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ دیہات اور شہروں میں مقامی افراد پر مشتمل کمیٹیاں بنائیں گے جو اپنے علاقے کی میونسپل خدمات کے بارے میں فیصلے کریں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں