نواز شریف اورمریم کی جاتی امراء میں مدفون خاندان کے افراد کی قبروں پر حاضری ،فاتحہ خوانی کی

لیگی رہنمائوں اور کارکنوں کو جاتی امراء آنے سے روکدیا گیا ،عبد القادر بلوچ ،رانا اقبال اور دیگر ملاقات کئے بغیر واپس روانہ جاتی امراء کے باہر جمع کارکن نواز شریف سے ملاقات کیلئے بضد رہے،پارٹی قائد(کل )سے باضابطہ ملاقاتیں کرینگے نواز شریف رہنمائوں سے ملاقات کے دوران ضمنی انتخابات خصوصاً این اے 124،131کے حوالے سے تبادلہ خیال ،ذمہ داریاں سونپیں گے

جمعرات 20 ستمبر 2018 15:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اورمریم نواز نے جاتی امراء میں مدفون خاندان کے افراد کی قبروں پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کی ،نواز شریف اور مریم نواز نے گزشتہ روز صرف قریبی عزیز و اقارب سے ملاقاتیں کیں جبکہ رہنمائوں اورکارکنوں کو جاتی امراء آنے سے روکتے ہوئے آگاہ کیا گیا کہ نواز شریف کل (ہفتہ ) سے باضابطہ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں گے ۔

تفصیلات کے مطابق محمد نواز شریف نے اپنی صاحبزادی مریم نواز اورخاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ اپنے والد میاں محمد شریف ، اہلیہ کلثوم نواز اور بھائی محمد عباس شریف کی قبروںپر حاضری دی اور پھول چڑھائے ۔اس موقع پر مرحومین کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق آج نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد قرآن خوانی اور محفل میلاد کا انعقاد کیا جائے گا جس میں نواز شریف اور خاندان کے دیگر افراد شریک ہوں گے۔

دوسری جانب لیگی قیادت کی جانب سے رہنمائوں اور کارکنوں کو جاتی امراء آنے سے روکتے ہوئے آگاہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف کچھ وقت اپنے خاندان کے افراد کے ہمراہ گزارنا چاہتے ہیں ۔ نواز شریف کل (ہفتہ )سے باضابطہ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں گے۔گزشتہ روز بھی پارٹی کے مرکزی رہنما عبد القادر بلوچ ، سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال اور دیگر پارٹی رہنما نواز شریف سے ملاقات کے لئے جاتی امراء آئے تاہم انہیں قیادت کے فیصلے کے نتیجے میں بغیر ملاقات واپس روانہ ہونا پڑا ۔

لاہور کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کارکنان بھی محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز سے ملاقات کے لئے جاتی امراء پہنچے تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں اندر جانے سے روک دیا ۔ مگر کارکن اندر جانے کیلئے بضد رہے اور پرجوش انداز میں نواز شریف کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔ اندر جانے کی اجازت نہ ملنے پر کارکن کچھ دیر انتظار کرنے کے بعد واپس گھروں کو روانہ ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کل ( ہفتہ ) کے روز رہنمائوں سے ملاقات کے دوران 14اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات خصوصاً لاہور کے حلقہ این اے 124اور 131کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے اور انتخابی مہم کیلئے ذمہ داریاں بھی سونپیں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں