سیاست فریب اور دھوکہ نہیں، سیاست عوامی خدمت، ریاستی نظام چلانے کا اہم ترین ذریعہ ہے،لیاقت بلوچ

اللہ کے حکم کے مطابق انبیاء اور خاتم الانبیاء ؐ نے پاکیزہ عوامی فلاحی سیاست کی بنیاد پر انسانی معاشروں کو مثالی نظام حکومت دیا،بامقصد تعمیری سیاست کے ذریعے معاشروں میں وحدت، اتحاد، خوشحالی لائی جاسکتی ہے،نائب امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 24 جولائی 2021 21:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) نائب امیر جماعت اسلامی، صدر قائمہ کمیٹی انتخابی اٴْمور لیاقت بلوچ نے لاہور، حافظ آباد، کولوتارڑ، خان پور میں عوامی اجتماعات، ورکرز کنونشن اور میڈیا نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست فریب اور دھوکہ نہیں، سیاست عوامی خدمت، ریاستی نظام چلانے کا اہم ترین ذریعہ ہے۔ اللہ کے حکم کے مطابق انبیاء اور خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے پاکیزہ عوامی فلاحی سیاست کی بنیاد پر انسانی معاشروں کو مثالی نظام حکومت دیا۔

بامقصد تعمیری سیاست کے ذریعے معاشروں میں وحدت، اتحاد، خوشحالی لائی جاسکتی ہے۔ بدعنوان، فاسق سیاست شیطانی دھندہ ہے۔ جماعت اسلامی مفادات، تعصبات، گروہ بندیوں سے بالاتر ہوکر مظلوم انسانوں پر مسلط ظلم کے نظام کا خاتمہ اور آئین، قانون، عدل و انصاف کے ساتھ اسلام کی حکمرانی چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک بدترین معاشی بحران سے دوچار ہے۔

قومی بجٹ کی منظوری کے بعد عوام پر مسلسل مہنگائی بم گرائے جارہے ہیں۔ سٴْود، قرضوں، کرپشن اور بدانتظامی کی معیشت قومی سلامتی، آزادی، خودمختاری کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ اقتصادی مجبوریاں عوام کا کچومر نکال رہی ہیں اور حکومت و پارلیمنٹ کشمیر، افغانستان، فلسطین پر متفقہ قومی حکمت عملی سے گریزاں ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کی آزادی کے لیے کشمیر کا سفیر اور ٹیپو سلطان بننے کی بجائے بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر مستقل قبضہ کے لیے سہولت کاری کی پالیسی اختیار کرلی ہے۔

مسئلہ کشمیر کا حل آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان میں ریفرنڈم نہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانا ہے۔ کشمیریوں نے آزادی اور حق خودارادیت کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ جنرل پرویز مشرف، آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے عمران خان بیتاب ہیں۔ کشمیری اور تحریک آزادی کشمیر کے پشتیبان پاکستانی عوام حکومتی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

کشمیریوں پر یکطرفہ مسلط کردہ حل بھارت کی فتح ہوگی۔لیاقت بلوچ سے مسیحی برادری کے وفد نے ملاقات کی۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان کی تمام اقلیتیں محب وطن اور پاکستان کا قابل فخر حصہ ہیں۔ حکومتیں اکثریتی آبادی کی طرح اقلیتوں کے بھی آئینی، سیاسی، بلدیاتی اور اقتصادی حقوق غصب کررہی ہیں۔ آئین سے انحراف اور عوام دشمن نظام کے خاتمہ کے لیے جماعت اسلامی اقلیتوں کو ملک بھر میں منظم کرے گی۔ مسیحی وفد نے اس موقع پر عید کی مبارکباد دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں