لاہور، سٹی ٹریفک پولیس کا غیر معیاری گیس سلنڈر استعمال کرنے والی گاڑیوں،رکشوں کے خلاف کارروائی کا حکم

منگل 16 اپریل 2024 16:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) سٹی ٹریفک پولیس آفیسر عمارہ اطہر نے ڈی ایس پیز کو غیر معیاری گیس سلنڈر استعمال کرنے والی گاڑیوں،رکشوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت کردی ۔ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایاکہ شہر بھر میں کمرشل گاڑیوں، رکشوں میں گورنمنٹ سے پاس شدہ سلنڈر لگانے کی اجازت ہوگی جبکہ کمرشل گاڑیوں میں مختص کردہ اور مقررہ سلنڈر سے زائد لگانے پر بھی کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔

انہوںنے کہاکہگیس سلنڈر استعمال کرنے والی کمرشل گاڑیوں میں فائرفائٹنگ سلنڈرز کا ہونا بھی لازمی ہے۔ اس حوالے سے سی ٹی او لاہورعمارہ اطہر نے کہاکہ چھوٹی گاڑی، پک اپ میں مقررہ تعداد سے زائد سلنڈر لگانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی ، اس کے ساتھ ساتھ غیر معیاری سلنڈر لگانے والی گاڑیوں، رکشوں کیخلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ روڈ سیفٹی یونٹ بس اڈاوں، ٹیکسی، پارکنگ اسٹینڈز پر خصوصی لیکچرز دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

سی ٹی او نے کہا کہ شہریوں کے محفوظ سفر کو ہر ممکن یقینی بنایا جائیگا، ماضی میں گاڑیوں، رکشوں میں غیر معیاری سلنڈروں کی وجہ سے بیشتر قیمتی جانیں لقمہ اجل بنیں۔ عمارہ اطہر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سیفٹی کیلئے غیر معیاری سلنڈر استعمال کرنے والی کمرشل گاڑیوں میں سفر کرنے سے گریز کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں