والدین سے بچوں کو خسرہ سے بچائو کے حفاظتی ٹیکہ جات لگوائیں‘خواجہ عمران نذیر کی اپیل

ایک بچے کے گھر میں متاثر ہونے کی صورت میں اسے دوسرے بچوں سے دور رکھیں‘وزیر صحت پنجاب

منگل 16 اپریل 2024 22:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے والدین سے بچوں کو خسرہ سے بچائو کے حفاظتی ٹیکہ جات ضرور لگوانے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ موسمی تبدیلی کے باعث پورے ملک میں خسرہ کے کیسز میں اضافہ ہو سکتا ہے اس لئے والدین بچوں کے ویکسینیشن کا کورس مکمل کرنے پر خصوصی توجہ دیں ۔

انہوں نے کہا کہ یکم سے 30اپریل تک پنجاب کے تمام اضلاع میں بچوں کی ویکسینیشن کے لئے خصوصی سرگرمی کا آغاز کیا گیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے تکنیکی اور مالی تعاون سے اس آئوٹ ریچ سرگرمی میں معمول کی ویکسینیشن مکمل کی جارہی ہے، علاہ ازیں نامکمل کورس، ویکسین سے رہ جانے والے بچوں سمیت کوئی بھی خوراک نہ لینے والے بچوں کو بھی ویکسین دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ بڑے شہروں اور دوسرے صوبوں سے متصل اضلاع میں بچوں کی خسرہ کی ویکسین پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ آٹ ریچ سرگرمی کے پہلے مرحلہ میں 4585 ویکسی نیٹر، 4585 سوشل موبلائزر اور 338 سپروائزر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ڈائیرکٹر توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات پنجاب ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ موجودہ مرحلہ میں دو سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو ضروری ویکسین دی جا رہی ہیں جولائی میں دوسرے مرحلہ کا انعقاد کیا جائیگا جس میں پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو ویکسین دی جائیگی۔

توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات دو سال تک کے بچوں کو بارہ بیماریوں کی ویکسین مفت فراہم کرتا ہے جو تمام مراکز صحت پر دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ دو سال سے کم عمر بچوں کو خسرہ سے بچا کی ویکسین کی دو خوراکیں دی جاتی ہیں۔ ڈاکٹر مختار نے مزید کہا کہ خسرہ کا وائرس تیزی سے ایک سے دوسرے شخص میں منتقل ہوتا ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچے اس کا زیادہ شکار ہوتے ہیں۔ایک بچے کے متاثر ہونے کی صورت میں اسے دوسرے بچوں سے دور رکھیں۔۔ وائرس سانس کے ذریعے بھی منتقل ہو سکتا ہے ۔ والدین غذائی قلت اور کم قوت مدافعت والے بچوں کا خصوصی خیال رکھیںچھوٹے بچوں کو صرف ماں کا دودھ دیں ۔ ہاتھوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں