چوہدری شافع حسین کا پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کا دورہ، تدریسی عمل کا جائزہ، یونیورسٹی کے مختلف شعبوں اور لیبز کا معائنہ

بدھ 17 اپریل 2024 19:28

چوہدری شافع حسین کا پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کا دورہ، تدریسی عمل کا جائزہ، یونیورسٹی کے مختلف شعبوں اور لیبز کا معائنہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی ٹاؤن شپ کا دورہ کیا۔ تدریسی عمل کا جائزہ لیا، یونیورسٹی کے مختلف شعبوں اور لیبز کا معائنہ کیا۔وائس چانسلر یونیورسٹی ڈاکٹر رؤف اعظم نے کی یونیورسٹی میں تدریسی عمل، کارکردگی اور چیلنجز کے بارے بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں ہنر مند افرادی قوت کی بہت ڈیمانڈ ہے۔ ٹیکنیکل ایجو کیشن کے معیار کو بہتر بنانے اور ہنر مند افرادی قوت کو روز گار کیلئے بیرون ممالک کھپانے کا پلان بنا لیا۔ فنی تعلیم کے اداروں کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جائے گا۔

(جاری ہے)

ابتدائی طور پر ٹیوٹا کے تین کالجز کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا انڈسٹری اور ایوان ہائے صنعت و تجارت سے اشتراک کار بڑھایا جائے اوریونیورسٹی میں تدریسی عمل کیلئے چین کے ساتھ نئے معاہدے کی دستاویزات تیار کی جائیں۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ یونیورسٹی میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس،مائیکرو چیپ مینو فیکچرنگ اور سولر ٹیکنالوجی تربیت کی فراہمی پر ورکنگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی لیبز میں مزید بہتری لائی جائے گی۔

ٹیکنیکل گریجوایٹس کو قانونی تحفظ کی فراہمی کیلئے ایکو سسٹم ڈویلپ کرنا ضروری ہے۔نیشنل ٹیکنالوجی کونسل آف پاکستان ایکٹ کی پارلیمنٹ سے منظوری کیلئے پنجاب حکومت سپورٹ فراہم کرے گی۔یونیورسٹی میں ٹیکسٹائل ڈیزائنگ کے ایک سال اور دو سال کے کورسز متعارف کروانے کا پلان بھی بنایا جائے۔صوبائی وزیر نے یونیورسٹی میں لائٹنگ سسٹم بہتر کرنے کی بھی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے شجر کاری مہم کے حوالے سے یونیورسٹی میں پودا بھی لگایا۔سینئر اکنامک ایڈوائزر جاویداقبال، ڈی جی پنجاب سکل ڈویلپمنٹ اتھارٹی، صاحبزادی وسیمہ عمر، یونیورسٹی کی انتظامیہ اور فکلیکٹی ممبران بھی اجلاس میں موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں