لاہورہائیکورٹ،سیاستدانوں کے نام پر سرکاری عمارتوں ،شاہراہوں ودیگر مقامات کو منسوب کرنے کیخلاف درخواست مسترد

جمعرات 18 اپریل 2024 23:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے سیاست دانوں کے نام پر سرکاری عمارتوں ،شاہراہوں اور دیگر مقامات کو منسوب کرنے کیخلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سیاست دانوں کے نام پر سرکاری عمارتوں ،شاہراہوں اور دیگر مقامات کو منسوب کرنے کیخلاف درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی ،عدالت نے قرار دیا کہ غیر ضروری درخواستوں کی وجہ سے عدالت کا وقت ضائع ہوتا ہے،شہری مشکور حسین نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کے توسط سے عدالت سے رجوع کیا تھا جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ خواجہ آصف نے علامہ اقبال کی والدہ امام بی بی کے نام سے منسوب ہسپتال کو اپنے والد کے نام میں تبدیل کیا، نواز شریف،شہباز شریف سمیت دیگر سیاستدانوں کے نام پر سرکاری عمارتیں اور سڑکیں ہیں،عوامی پیسے کو ذاتی تشہیر پر استعمال نہیں کیا جاسکتا،سرکاری عمارتوں کے نام قومی ہیروز ،سائنس اور ادب کی دنیا میں اعلی نام رکھنے والے افراد کے نام سے منسوب کیا جاسکتا ہے،لہذا سرکاری عمارتوں ،پارکس اور ہسپتالوں کے نام سیاست دانوں سے منسوب کرنے کا اقدام غیر قانونی قرار دیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں