وزیراعظم پاکستان ترجیحی بنیادوں پر افغانستان کا دورہ کریں،لیاقت بلوچ

سیاسی بحرانوں کا حل سیاسی ہی ہے،سیاسی جمہوری قیادت ڈائیلاگ کریں،نائب امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 27 اپریل 2024 13:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ قبلہ اول کی آزادی اور فلسطینیوں، کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی میں کردار پوری اُمت کا دینی، ملی اور انسانی فریضہ ہے،پاکستان کی حکمران جماعتیں مسئلہ فلسطین، مسئلہ کشمیر اور اسلامیانِ پاکستان کے حقیقی مسائل کے حل کی بجائے مصنوعی، سطحی سیاسی جھگڑوں اور متنازع اقدامات کے ایونٹ سے قوم کو اُلجھائے ہوئے ہیں،25 کروڑ عوام کو زہریلی پولرائزیشن کا شکار کرکے اقتدار حاصل کرنے والی جماعتیں ہی ملک و مِلت کے لیے عذاب بن گئی ہیں۔

انہوں نے مرکزی مسلم لیگ کی حرمتِ اقصٰی کانفرنس، پیر صفدر شاہ جماعتی کی میزبانی میں تحفظِ ناموسِ رسالتؐ کانفرنس اور میاں ریاض احمد ساؤنڈ والے کے پوتے کی تقریب حفظِ قرآن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک و مِلت کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے قرآن و سُنت کی بالادستی، آئین کے نفاذ اور قانون کی فرمانروائی، کرپشن کا خاتمہ، قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور معیشت کو سُود، قرضوں اور اغیار کے قبضے سے آزاد کرانے کے لیے خودانحصار، سُود کے خاتمہ اور وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ پر اخلاص اور دیانت داری کیساتھ عمل میں ممکن ہے۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہا کہ سیاسی بحرانوں کا حل سیاسی ہی ہے۔ قومی سیاسی جمہوری قیادت سیاسی مذاکرات کا دروازہ بند کرکے سِول-ملٹری اسٹیبلشمنٹ کی بالادستی کو طاقت ور بنارہے ہیں۔ سیاسی محاذ پر بے عتمادی، بے یقینی اور مفادات ماحول میں کوئی اتحاد نہیں چل سکتا۔ اتحادوں کی تشکیل کی تاریخ خوشگوار تھی لیکن انجام بھیانک ہوئے۔ سیاسی جمہوری قیادت آئین کی حفاظت، آزاد عدلیہ، اقتصادی بحرانوں اور دہشت گردی کے خاتمہ، صوبوں کی شکایات کے ازالہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے ایجنڈا پر اپنی پارٹیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے سیاسی ڈائیلاگ کریں اور قومی ترجیحات کے قومی ایجنڈا کے کم از کم نکات پر اتفاق کرلیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے بعد وزیراعظم پاکستان کا دورہ سعودی عرب اور ولی عہد سعودی عرب محمد بن سلمان کا ممکنہ دورہ پاکستان بہت اہم ہوگا۔ وزیراعظم پاکستان ترجیحی بنیادوں پر افغانستان کا دورہ کریں۔ تیزی سے بدلتے عالمی حالات اور امریکی راج کے زوال کے مراحل میں ضروری ہے کہ سعودی عرب، پاکستان، ایران اور افغانستان ایک پیج پر آئیں اور چین و روس کے ساتھ بہترین تعلقات قائم ہوں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں