انسدادِ تجاوزات سپیشل سکواڈ لاہور کا گرینڈ آپریشن ،18 ٹرک سامان ضبط

منگل 30 اپریل 2024 15:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) انسدادِ تجاوزات سپیشل سکواڈ لاہور نے شہر کے تمام زونز میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران 18 ٹرک تجاوزات کا سامان ضبط کر لیا اور 344 سے زائد عارضی تجاوزات کو ہٹا دیا گیا۔ترجمان کے مطابق انسدادِ تجاوزات کارروائیوں کے دوران 98 چالان اور 50 افراد کو وارننگ نوٹس جاری کیے گئے ، خلاف ورزیوں پر 37 ہزار 700 روپے جرمانہ عائد کیا گیا ، شہر کی اہم شاہراہوں اور علاقوں سے 465 بینر اور سٹریمر ہٹائے گئے۔

اس ضمن میں ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا کہ 5 روزہ خصوصی مہم میں اہم شاہراہوں، فٹ پاتھوں اور مارکیٹوں میں انسداد تجاوزات آپریشن کیا جائے گا،تجاوزات مافیا کے خلاف بلاتفریق و امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی بحال کرنے کے لیے تجاوزات مافیا سے کوئی نرمی نہیں ہوگی،تاجر تنظیموں کو بھی انسداد تجاوزات آپریشن کے لئے لائحہ عمل پر اعتماد میں لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات ٹریفک اور دیگر مسائل کا اہم سبب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمی لاہور کے افسران فیلڈ آپریشنز کی قیادت کریں،ٹریفک پولیس اور دیگر ادارے بھی انسداد تجاوزات آپریشن میں بلدیہ عظمی کے ساتھ حصہ لیں گے۔ڈی سی لاہور نے شہریوں سے اپیل کی کہ انسداد تجاوزات آپریشن میں بلدیہ عظمی کا ساتھ دیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں