گلوکارہ اقبال بانو کی 15ویں برسی21اپریل کو منائی جائے گی

جمعرات 18 اپریل 2024 12:41

گلوکارہ اقبال بانو کی 15ویں برسی21اپریل کو منائی جائے گی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) صدارتی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ اقبال بانو کی 15ویں برسی21اپریل کو منائی جائے گی ۔ اقبال بانو 1935 کو دہلی میں پیدا ہوئیں،تقسیم ہند کے بعد اقبال بانو نے جنوبی پنجاب کے مرکز ملتان کو اپنا مسکن بنایا بعد ازاں وہ لاہور منتقل ہو گئیں ۔اقبال بانو نے 1950 میں اپنے فنی کیریئر کا آغاز ریڈیو سے کیا۔

غزل گائیگی میں انہیں ملکہ حاصل تھا ۔کلاسیکل،نیم کلاسیکل غزل گائیگی کے ساتھ ساتھ ٹھمری اوردادرا میں بھی اقبال بانو کا کوئی ثانی نہیں تھا۔

(جاری ہے)

انہیں اردو اور فارسی زبانوں میں غزل گائیگی میں مکمل مہارت حاصل تھی ۔اپنی مدھر آواز سے دل کی تاروں کو چھو لینے والی گلوکارہ اقبال بانو نے علامہ اقبال،فیض احمد فیض اور مرزا غالب سمیت دیگرمعروف شعرا کا کلام گا کر عالمگیر شہرت حاصل کی ۔

ان کی آواز میں گایا ہوا فیض احمد فیض کا کلام لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے جنرل ضیا الحق کے دور حکومت میں ان کا ٹریڈ مارک بن گیا جبکہ یہی غزل پاکستان میں وکلا تحریک کا ترانہ بن گئی۔اقبال بانو 21اپریل2009 کو مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئی تھیں انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے 1990 میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں