ژ* صدارتی نظام ملک کی وحدت اور بقا کے لئے زہر قاتل ہے، ایڈووکیٹ صدر الدین

ماضی میں یہ نظام کئی بار آزمایا جاچکا ہے اور اس کے جو نتائج سامنے آئے وہ ملک آج تک بھگت رہا ہے،صوبائی سیکرٹری اطلاعات عوامی نیشنل پارٹی

ہفتہ 20 اپریل 2019 19:46

۵لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ایڈووکیٹ صدر الدین نے کہا ہے کہ صدارتی نظام ملک کی وحدت اور بقا کے لئے زہر قاتل ہے، ماضی میں یہ نظام کئی بار آزمایا جاچکا ہے اور اس کے جو نتائج سامنے آئے وہ ملک آج تک بھگت رہا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں میڈیا نمائندوں سے خصوصی بات چیت کے دوران کیا۔

اس موقع پر ضلعی سینئر نائب صدر ممریز خان اور کیمسٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد بشیر زنگی خیل بھی موجود تھے ،اے این پی کا صوبائی سیکرٹری اطلاعات منتخب ہونے کے بعد وہ پہلی بار آبائی ضلع لکی مروت پہنچے تو سرائے نورنگ میں پارٹی کارکنوں اور لوگوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ ایڈووکیٹ صدر الدین نے کہا کہ صدارتی نظام ہی کی بدولت ملک دولخت ہوا جو تجربات پہلے ناکام ہوئے انہیں دوبارہ کیوں آزمانے کی باتیں کی جارہی ہیںجو لوگ آج ایک بار پھر اس نظام کا راگ الاپ رہے ہیں وہ دراصل ون یونٹ بحال کرکے صوبوں کو ان کے جائز حقوق سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کا موقف واضح ہے صدارتی نظام رائج کرنے یا اٹھارویں ترمیم رول بیک کرنے کی کوشش کی گئی تو اے این پی سخت مزاحمت کرے گی ۔انہوں نے وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کو نااہلوں کا ٹولہ قرار دیا اور کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنا عرصہ اقتدار پورا کیا تو ملک صومالیہ سے بھی بدتر ہوگا، چند وزراء کی تبدیلی سے معاشی پالیسیوں میں استحکام آئے گا نہ حکومت عوام کے سامنے سرخرو ہونے میں کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ ماہ کے دوران اربوں ڈالر کے قرضے لئے گئے لیکن ڈالر کی اڑان میں کوئی کمی آئی نہ مہنگائی کے جن و بوتل میں بند کیا جاسکا۔ ایڈووکیٹ صدر الدین نے کہا کہ اپوزیشن نے حکومت کے خلاف تحریک شروع کی تو عوامی نیشنل پارٹی بھرپور ساتھ دے گی۔

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں