آزاد عدلیہ نہ ہونے کا ملک میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان پیپلزپارٹی کا ہوا ہے،بلاول بھٹو زرداری

اگر ملک میں آئین کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف نہیں مل سکتا تو عام آدمی کو کیسے انصاف ملے گا،چیئرمین پیپلزپارٹی کی وفد سے گفتگو

جمعرات 27 جنوری 2022 23:23

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2022ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد عدلیہ نہ ہونے کا ملک میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان پیپلزپارٹی کا ہوا ہے۔ اگر ملک میں آئین کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف نہیں مل سکتا تو عام آدمی کو کیسے انصاف ملے گا۔ان خیالات کااظہار انہوںنے ڈسٹرکٹ بار لاڑکانہ کے نومنتخب عہدیداران اور پیپلزلائرفورم کے نمائندوں سے ملاقات میں کیا ۔

نوڈیرو میں ہونے والی ملاقات میں پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور ، اعجاز جاکھرانی، جمیل سومرو، خورشید جونیجو، مرتضی وہاب، سہیل انور سیال اور اعجاز لغاری ،لاڑکانہ: ملاقات کے موقع پر سندھ بار کونسل کے نمائندے آصف علی عبدالرزاق سومرو، عنایت اللہ موریو اور عبدالحامد بھرگڑ، ڈسٹرکٹ بار لاڑکانہ کے صدر صفدر علی غوری، نائب صدر کامران علی گورڑ اور جنرل سیکریٹری امان اللہ لہر، جوائنٹ سیکریٹری عبدالستار ہلیو و موجود تھے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ایل ایف کی حمایت سے جیتنے والے ڈسٹرکٹ بار لاڑکانہ کے عہدیداران کو مبارک باداور ڈسٹرکٹ بار لاڑکانہ کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وکلا برادری نے ہر دور میں پاکستان پیپلزپارٹی کے شانہ بشانہ جمہوری جدوجہد کی ہے۔آزاد عدلیہ نہ ہونے کا ملک میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان پیپلزپارٹی کا ہوا ہے۔بھٹو قتل کیس کا ریفرنس آج تک التوا کا شکار ہے۔اگر ملک میں آئین کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف نہیں مل سکتا تو عام آدمی کو کیسے انصاف ملے گا

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں