دہشتگردی کے حالیہ واقعات کا مقصدملک کوغیر مستحکم کرنا ہے ، میر علی حسن زہری

بدھ 27 مارچ 2024 21:44

حب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ،ترجمان صدر آصف علی زرداری برائے بلوچستان اور ضلع حب کے صدر میر علی حسن زہری نے بشام میں چینی شہریوں سمیت 6 بیگناہ افراد کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ بزدل دشمنوں کی کارروائی ہے جس کا مقصد ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پے درپے واقعات کا مقصدملک میں افراتفری پھیلانا ہے ۔

اپنے بیان میں دہشت گردی کے واقعات میںجاں بحق ہونے والے چینی شہریوں کے لواحقین اور پوری چینی قوم سے ظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم چینی بھائیوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے ۔اور واقعہ میں ملوث بزدل دہشت گرد عناصر کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

میر علی حسن زہری نے کہا کہ دہشتگردوں کا آخری حد تک پیچھا کیا جائے گا اور انہیں جہنم واصل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا دہشت گردوںکی بزدلی کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کے بزدلانہ واقعات کا مقصد سیاسی و معاشی استحکام کی جانب پاکستان کو کمزور کرنا اور عدم استحکام کی جانب دھکیلنا ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ عزم و ہمت سے دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہی ہے اور جلد ان بزدل دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچا دیا جائے گا۔

انہوں اپنے بیان میں کہا کہ بزدل دشمن اس طرح کی کارروائیوں سے ہمارے پختہ عزم کو ڈگمگا نہیں سکتے ۔ شہداء کے لہو کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قوم کا عزم کم نہیں ہوگا۔پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز وطن کی حفاظت میں دن رات چوکنا اور دہشتگردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیںاور کسی بھی ایسی کارروائی کا بھرپور جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بزدل دہشت گرد عناصر جان لیں کہ ان کا سامنا ایک بہادر قوم سے ہے جس نے پہلے بھی دہشتگردی کو شکست سے دوچار کیا ہے اور آئندہ بھی دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ پوری قوم ملک سے دہشتگردوں کے خاتمے تک اپنے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ہے اور اس مقصد میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک دشمن عناصرکی پاکستان کے امن و ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا جائیگا۔

لسبیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں