پی ٹی آئی ورکرز کنونشن کا این اوسی مسترد‘ اسٹیج بھی اکھاڑ دیا گیا

ڈی سی مانسہرہ کے حکم پر ضلع بھر میں جلسے جلوسوں پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 5 نومبر 2023 11:16

پی ٹی آئی ورکرز کنونشن کا این اوسی مسترد‘ اسٹیج بھی اکھاڑ دیا گیا
مانسہرہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 نومبر 2023ء ) صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ مانسہرہ میں پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن کا این اوسی مسترد کرتے ہوئے اسٹیج بھی اکھاڑ دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے آج مانسہرہ میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا تھا، جس کے لئے ڈی پی او اور متعلقہ تھانے کو درخواست دی گئی تاہم ڈپٹی کمشنر مانسہرہ نے تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن کا این او سی مسترد کیا اور انتظامیہ نے جلسہ گاہ میں لگایا پی ٹی آئی کا اسٹیج اکھاڑ دیا اور جلسہ گاہ میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔

اس حوالے سے ڈی سی مانسہرہ کا مؤقف ہے کہ تھانہ سٹی مانسہرہ نے سکیورٹی کلئیرنس نہیں دی، ڈی پی او مانسہرہ نے تحریک انصاف سمیت کسی بھی جماعت کو جلسہ نہ کرنے کا حکم دیا ہے، جس کی وجہ سے پی ٹی آئی کا ورکرز کنونشن سکیورٹی خدشات کے پیش نظرمنسوخ کیا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ڈی سی مانسہرہ کے حکم پر ضلع بھر میں جلسے جلوسوں پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے اور مختلف مقامات پر پولیس کے ناکے لگادیئے گئے ہیں تاکہ جلسہ گاہ کی جانب آنے والے قافلوں کو منتشر کیا جاسکے، پولیس پی ٹی آئی کارکنوں اورعہدیداروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

تھانہ سٹی پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت کو گزشتہ روز ڈی پی او اور ڈی سی کے احکامات اور سکیورٹی خدشات سے آگاہ کردیا تھا لیکن اس کے باوجود تحریک انصاف کی مقامی قیادت آج ورکرز کنونشن کے انعقاد پر بضد تھی، جس پر پولیس کی جانب سے انتظامیہ کے ساتھ مل کر ڈی پی او مانسہرہ کے احکامات پر عملدرآمد کرانے کے لیے کارروائی عمل میں لائی گئی۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں