ضلعی انتظامیہ مٹیاری کاغیر معیاری اور مضر صحت اشیاء کی فروخت کرنے والے دکانداروں کے کریک ڈائون

ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد جرمانہ ،چار میڈیکل اسٹورز کے لائسنس رد کرکے شوکاز نوٹس جاری، پانچ افراد گرفتار

منگل 1 جنوری 2019 20:08

مٹیاری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2019ء) ضلعی انتظامیہ مٹیاری کی جانب سے غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء کی فروخت کرنے والے دکانداروں، منشیات فروشوں، شہر اور نیشنل ہائی وے پر قائم ہوٹلوں، جعلی ادویات فروخت کرنے والے، عطائی ڈاکٹرز اور غیر رجسٹرڈ میڈیکل اسٹورز کے خلاف کریک ڈائون، ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد جرمانے عائد، چار میڈیکل اسٹورز کے لائسنس رد کرکے شوکاز نوٹس جاری، پانچ افراد گرفتار۔

ڈپٹی کمشنر مٹیاری پرویز احمد بلوچ کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مٹیاری ڈاکٹر وقار انصاری، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محمد صابر کاکا، اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری امام بخش کاکا، مختیارکار مٹیاری غلام مصطفی شر نے منگل کے روز پولیس نفری کے ہمراہ مٹیاری شہر اور نیشنل ہائی وے بائی پاس پر موجود ریسٹورنٹس، دکانوں، میڈیکل اسٹورز پر چھاپے مار کر صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، غیر معیاری اشیاء خوردونوش، گٹکا، مین پڑی اور دیگر منشیات ضبط کرنے کے ساتھ غیر معیاری کھویہ فروخت کرنے والے دکان سیل کروا دیئے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مٹیاری پرویز احمد بلوچ کا کہنا تھا کہ منشیات، کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ اور دیگر سماجی برائیوں کا خاتمہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے، پورے ضلع میں کھانے پینے کی اشیاء کا معائنہ، منشیات فروشوں، جعلی ادویات، عطائی ڈاکٹرز، غیر رجسٹرڈ میڈیکل اسٹورز، غیر معیاری گوشت فروخت کرنے والے قصاب کے خلاف کریک ڈائون کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے لئے تینوں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جلد پورے ضلع کے تعلیمی اداروں میں بھی کھانے پینے کی اشیاء اور کینٹین کا معائنہ کیا جائے گا تاکہ طلباء کو غیر معیاری اشیاء کے نقصانات سے بچایا جاسکے۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ مضر صحت اشیاء کی فروخت کسی صورت بھی برداشت نہیں کرے گی اور اس عمل میں ملوث دکاندار اور ہوٹل مالکان اپنا قبلا درست کرلیں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لاکر بھاری جرمانے عائد کرنے کے ساتھ ساتھ گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔

ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو روزانہ کی بنیاد پر دکانوں، ہوٹلوں، میڈیکل اسٹورز، گوشت اور سبزی مارکیٹوں کے دورے کرکے صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ اشیاء خوردونوش کے معیار سے متعلق رپورٹ ڈی سی آفیس مٹیاری میں جمع کرانے کے احکامات دیئے۔

متعلقہ عنوان :

مٹیاری میں شائع ہونے والی مزید خبریں