نیپال میں ایک بار پھر شدید زلزلہ،54 افراد ہلاک،1100 سے زائد زخمی،متعدد عمارتیں مہندم،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ،کھٹمنڈو ایئرپورٹ عارضی طور پر بند کردیا گیا،امدادی سرگرمیاں جاری

زلزلہ مقامی وقت دوپہر 12بجکر35 منٹ پر آیاجس نے 75 اضلاع کو متاثر کیا ہے ،نیپالی حکام بھارت میں زلزلے سے 17افراد ہلاک ،متعدد زخمی ،نئی دہلی میں میٹرو سروس معطل ،زلزلے کے جھٹکے ،بنگلہ دیش اور پاکستان میں بھی محسوس کیے گئے ،لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے زلزلے کی شدت 7.3 ریکارڈ کی گئی ،مرکز ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب نامچے باراز کا علاقہ تھا، زمین میں اس کی گہرائی 60 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، امریکی جیولوجیکل سروے

منگل 12 مئی 2015 21:06

کھٹمنڈو/ نئی دہلی / ڈھاکہ/ مینگورہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 مئی۔2015ء ) نیپال اور بھارت میں ایک بار پھر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے نتیجے میں54 افراد ہلاک اور1100 سے زائد زخمی ہوگئے،زلزلے سے متعدد عمارتیں بھی مہندم ہوگئیں جبکہ لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ،نئی دہلی میں میٹرو سروس معطل کردی گئی ،زلزلے کے بعدکھٹمنڈو ایئرپورٹ عارضی طور پر بند کردیا گیاجبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں۔

منگل کو غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ نیپال کے مختلف شہروں میں 7.3 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، زلزلے کا مرکز ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب نامچے باراز کا علاقہ اور زمین میں اس کی گہرائی 60 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

زلزلے کے باعث لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ور لوگ اپنے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔زلزلہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12:35 پر آیا اور اس کے جھٹکے بنگلہ دیش کے علاوہ بھارت کی مشرقی ریاستوں اور دارالحکومت دہلی تک محسوس کیے گئے۔

پہلے بڑے جھٹکے کے تقریباً 30 منٹ بعد 6.3 شدت کا ایک اور بڑا جھٹکا بھی محسوس کیا گیا جس کا مرکز کھٹمنڈو کے مشرق میں رامی چھپ کا علاقہ تھا۔ اس کے بعد بھی مزید چار جھٹکے آئے۔یہ زلزلہ بہت شدید تھا اور تقریباً 25 سیکنڈز تک محسوس کیا گیا۔ زمین ہل رہی تھی، پرندوں نے شور مچانا شروع کر دیا اور عمارتیں ہلنے لگی تھیں‘۔مزید آنے والے جھٹکوں نے لوگوں کو دہلا کر رکھ دیا اور لوگ رونے اور چلانے لگے۔

نیپالی حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے نے ملک کے 75 اضلاع کو متاثر کیا ہے اور اب تک مختلف علاقوں میں54 افراد کی ہلاکت اور 1100سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔زلزلے سے دارالحکومت کھٹمنڈو سمیت مختلف علاقوں میں لوگ خوفزدہ ہوکر کھلے مقامات پر نکل آئے، جبکہ کھٹمنڈو ایئرپورٹ کو عارضی طور پر بند کردیا گیا۔امدادی اداروں کے مطابق کھٹمنڈو کے مشرق میں واقع چوتارہ نامی قصبے میں کئی عمارتیں تباہ ہوئی ہیں اور وہاں چار افراد کے ہلاک ہو جانے کی اطلاعات ہیں۔

مہاجرین کے بین الاقوامی ادارے ’انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن‘ کا کہنا ہے کہ چوتارہ میں ملبے میں دب جانے والے لوگوں کو نکالا جا رہا ہے۔ زلزلے کے جھٹکے بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی، ریاست اڑیسہ، بہار، آسام، پٹنہ میں بھی محسوس کیے گئے۔بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق زلزلے سے نیپال سے ملحقہ بھارتی علاقوں میں بھی 17 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور ان میں سے 16 اموات ریاست بہار میں ہوئی ہیں۔

زلزلے کے باعث نئی دہلی میں میٹرو سروس معطل کردی گئی۔ زلزلے کے باعث لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی نوعیت کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ چینی میڈیا کے مطابق تبت میں زلزلے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوا۔زلزلے سے کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں اور متعدد کو شدید نقصان پہنچا، بعد ازاں 5.1 سے 6.3 شدت تک کے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گیے جن کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ25 اپریل کو 7.8 شدت کے زلزلے نے جنوب مشرقی ایشیا کے اس پسماندہ ملک میں تباہی برپا کر دی تھی اور اس سے 8000 سے زائد لوگ ہلاک جب کہ دارالحکومت کٹھمنڈو سمیت مختلف علاقوں میں املاک کو شدید نقصان پہنچا تھا۔اقوام متحدہ کے مطابق اس زلزلے سے 80 لاکھ افراد متاثر ہوئے۔ امداد اور بحالی کے کام میں امریکہ اور پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کی ٹیمیں تاحال نیپال میں موجود ہیں۔اس زلزلے سے بھارت، چین اور بنگلہ دیش میں بھی جانی نقصان ہوا تھا جبکہ ماؤنٹ ایورسٹ پر زلزلے کے باعث برفانی تودے گرنے سے کم ازکم 18 کوہ پیما بھی ہلاک ہوگئے تھے۔

مینگورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں