ْمینگورہ ،بلوگرام اورتختہ بند کو ملانے والے رابطہ پل کی عدم تعمیر عوام کیلئے عذاب بن گیا

معمولی بارش کے بعد عارضی گزرگاہ بھی پانی کی نذرہونے سے ٹریفک کا نظام معطل ،رش میں پھنسی خاتون نے گاڑی میں ہی بچے کو جنم دیدیا

پیر 26 فروری 2024 21:15

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2024ء) مینگورہ میں بلوگرام اورتختہ بند کو ملانے والے رابطہ پل کی عدم تعمیر عوام کے لئے عذاب بن گیا ہے اورمعمولی بارش کے بعد عارضی گزرگاہ بھی پانی کی نذرہونے سے ٹریفک کا نظام مکمل طورپر معطل ہوگیا ہے ۔مقامی لوگ پیدل آمدورفت پرمجبور ہیں جبکہ رش میں پھنسی خاتون نے گاڑی میں ہی بچے کو جنم دیا ہے ۔

کلاڈھیر پل کو 2007میں دھماکہ خیز مواد سے تباہ کیا گیا تھا جس کے بعد اس جگہ پر اسٹیل بریج نصب کیا گیا تھا ۔دو سال قبل اس پل کی تعمیر کی منظوری دیکر اس پر کام شروع کردیا گیا مگر بعدازاں فنڈ نہ ہونے کی وجہ سے اس پر کام بند ہوگیا جبکہ نگران حکومت نے بھی اس کے لئے فنڈ جاری نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے تعمیراتی کا م بند ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

چھوٹی گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے عارضی گزرگاہ بنائی گئی تھی لیکن وہ بھی گزشتہ بارش کے دوران نالے میں پانی کے بہائو میں بہہ گیا ہے ۔

جس کی وجہ سے ٹریفک مکمل طورپر معطل ہے اورپیدل لوگ پانی میں گزرکر جانے پر مجبور ہیں ۔علاقے کے سابق ناظم انورحیات خان نے بتایا کہ دو سال سے اس پل کام بند ہے اور عارضی راستہ بھی اب نہیں رہا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کاسامنا ہے ۔ٹریفک کاسارابوجھ اب جی ٹی روڈ پر ہے ۔جس کی وجہ سے گزشتہ روزایک خاتون نے گاڑی میں ہی بچے کو جنم دیا ہے ۔

اس حوالے سے محکمہ مواصلات وتعمیرات کے ایکسئن فرمان اللہ خٹک نے بتایا کہ فنڈ کی بندش کی وجہ سے کام بند ہے لیکن ہماری کوشش ہے کہ جلد ہی فنڈ ریلیز ہوکر اس پر کام شروع کردیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ زیادہ کام ہوچکا ہے اور مزید فنڈ آنے کے بعد یہ منصوبہ مکمل کیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ دو ہفتے کے اندر اندر عارضی گزرگاہ کو تعمیر کرکے اس پر چھوٹی گاڑیوں کے لئے ٹریفک بحال کردیا جائے گا ۔

مینگورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں