تحریک انصاف میں کوئی ترین گروپ نہیں ہے

ہمارے ارکان اسمبلی زرداری بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 3 مارچ 2022 12:27

تحریک انصاف میں کوئی ترین گروپ نہیں ہے
میرپورخاص(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 مارچ 2022ء) : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف میں کوئی ترین گروپ نہیں ہے، صرف عمران خان گروپ ہے، عدم اعتماد تحریک کی ہوا نکل گئی ہے، ایم کیو ایم کل جلسے میں ہمارے ساتھ تھی۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم بدین سرکاری مشینری کے بغیر پہنچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں ایک متبادل سوچ اور متبادل قیادت کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے۔پارلیمنٹ کو وزیر اعظم پر مکمل اعتماد ہے، اسمبلی نے دوبارہ عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ پاکستانی سیاست پر بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ زرداری کی سیاست کو سمجھتے ہیں اور ہمارے ارکان اسمبلی آصف علی زرداری کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے جبکہ ہمیں یقین ہے ہمارے ارکان اسمبلی اپنے مؤقف پر ڈٹے رہیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میر پورخاص میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈائیلاگ اینڈ ڈپلومیسی سے مسائل حل ہو سکتے ہیں اور ہمارا واضح مؤقف ہے کہ جنگ مسائل کا حل نہیں۔ پاکستان 20 سال حالت جنگ میں رہا اور معاشی نقصانات کا سامنا کیا۔ انہوں نے کہا کہ روس یوکرین جنگ میں شدت تمام یورپین ممالک کے لیے نقصان دہ ہو گا تاہم ہم کسی گروپ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

روس یوکرین تنازعہ پر منیر اکرم نے پاکستان کا مؤقف بہتر انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانے نے یوکرین میں بلا امیتاز بھارتی طلبہ اور شہریوں کو بھی مدد فراہم کی ہے جبکہ بھارتی طلبہ اور شہریوں کی امداد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی کیونکہ طلبہ گھبرائے ہوئے تھے۔ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ پولینڈ، رومانیہ سے اپنے طلبا کے لئے مدد مانگی ہے۔

میرپورخاص میں شائع ہونے والی مزید خبریں